چیف منسٹر ریونت ریڈی کو احتجاجی بے روزگار نوجوانوں سے ملاقات کرنے ہریش راؤ کا چیالنج
حیدرآباد 9 جنوری ( سیاست نیوز ) بی آر ایس رکن اسمبلی سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس سنیما تھیٹر کا افتتاح کرنے کا وقت ہے۔ وہیں کچھ دور پر ملازمتوں کیلئے بیروزگار نوجوان احتجاج کررہے ہیں۔ ان سے ملاقات کا وقت نہیں ہے۔ آج ایک پریس کانفرنس میں ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس نے سال میں دو لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے کا بے روزگار نوجوانوں سے وعدہ کیا تھا۔ موجودہ چیفف منسٹر ریونت ریڈی اس وقت تلنگانہ پردیش کانگریس صدر تھے۔ انہوں نے راہول گاندھی کے ساتھ اشوک نگر پر احتجاجی بے روزگار نوجوانوں سے ملاقات کی تھی۔ ان کے احتجاج سے اظہار یگانت کیا تھا۔ سال میں 2 لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے اور ہر سال جاب کیلنڈر جاری کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ کانگریس حکومت کے دو سال مکمل ہوچکے ہیں چیف منسٹر کو بے روزگار نوجوانوں سے کیا گیا وعدہ یاد بھی نہیں ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس حکومت سے جاری جاب کیلنڈر جاب لیس کیلنڈر میں تبدیل ہوگیا ہے۔ حکومت نے کوئی بھی جاب نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔ تعجب ہے اقتدار حاصل کرنے کے بعد کانگریس حکومت نے اپنے وعدے سے یوٹرن لے لیا ہے۔ ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت ڈی سریدھر بابو سب کو ملازمتیں فراہم کرنا ناممکن قرار دیتے ہوئے بے روزگار نوجوانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچا رہے ہیں جبکہ اسمبلی انتخابات کے موقع پر کانگریس پارٹی نے بے روزگار نوجوانوں کو ہتھیلی میں جنت دکھائی تھی۔ ہریش راؤ نے زرعی یونیورسٹی کے امتحانی پرچوں کے افشاء ہو جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملازمتیں فراہم کرنے میں ناکام ہو جانے والی کانگریس حکومت امتخابات کا مناسب انداز میں انعقاد کرانے میں بھی ناکام ہے۔ انہوں نے پیپر لیکجس اسکینڈل کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرانے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ 2
