وعدوں پر عمل آوری نہ کرنے پر کانگریس پارٹی کسانوں سے معافی مانگے
حیدرآباد۔ 24 جون (سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن اسمبلی و سابق وزیر ہریش راؤ نے حکومت کی جانب سے ریتو جشن منانے کو مضحکہ خیز قرار دیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پہلے کسانوں سے معذرت خواہی کرے، اس کے بعد جشن منائے۔ آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس کا 19 ماہی دور حکومت کسانوں کے لئے مصیبت زدہ رہا ہے۔ کانگریس پارٹی نے اپنے انتخابی منشور میں کسانوں کو فی ایکر 15 ہزار روپئے ریتو بھروسہ مالی امداد دینے کا وعدہ کیا تھا جس کو 12 ہزار روپئے تک محدود کرکے کسانوں کو دھوکہ دیا گیا۔ گزشتہ سال موسم برسات میں ریتو بھروسہ کو نظرانداز کردیا گیا، اس مرتبہ مقامی اداروں کے انتخابات کیلئے کسانوں کو لبھانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کانگریس حکومت زرعی شعبہ کی ترقی اور کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے سنجیدہ نہیں ہے۔ صرف سیاسی فائدہ اُٹھانے کیلئے جشن کا تماشہ کیا جارہا ہے۔ حکومت کی لاپرواہی اور غفلت کی وجہ سے تاحال کئی کسان خودکشی کرچکے ہیں، ان کے ارکان خاندان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ کانگریس پارٹی نے قول پر کام کرنے والے کسانوں کو بھی ریتو بھروسہ اسکیم سے فائدہ پہنچانے کا وعدہ کیا تھا، لیکن اسے نظرانداز کردیا گیا۔ ریاست میں آج تک بھی کسانوں کا مکمل قرض معاف نہیں کیا گیا۔ کانگریس پارٹی نے چاول پر بونس دینے کا وعدہ کیا تھا، لیکن اس وعدہ کو صرف باریک چاول تک محدود کردیا گیا تھا۔2