شہری علاقوں کی ترقی کیلئے خصوصی منصوبہ، بھیمگل میں انتخابی مہم سے صدر پردیش کانگریس کا خطاب
حیدرآباد 9 فروری (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ کانگریس حکومت نے گزشتہ 2 برسوں میں انتخابی وعدوں کی تکمیل کے علاوہ نئی فلاحی اسکیمات کا آغاز کرتے ہوئے غریبوں اور کمزور طبقات سے اپنی ہمدردی کا ثبوت دیا ہے۔ مہیش کمار گوڑ بلدی انتخابات کی مہم کے آخری دن نظام آباد کے بھیمگل منڈل میں خطاب کررہے تھے۔ مہیش کمار گوڑ نے ریالی میں شرکت کی اور رائے دہندوں سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس امیدواروں کے حق میں ووٹ کے استعمال کی اپیل کی۔ اِس موقع پر اسمبلی حلقہ کے انچارج سنیل، صدر ضلع کانگریس ناگیش ریڈی، فارمر کمیشن کے نائب صدرنشین انویش ریڈی اور دیگر قائدین موجود تھے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ کانگریس نے بی آر ایس کی طرح صرف وعدوں پر عوام کو ٹالنے کی کوشش نہیں کی۔ اُنھوں نے کہاکہ خواتین کے لئے آر ٹی سی میں مفت سفر کے علاوہ غریب خاندانوں کو 200 یونٹ مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ پنچایت چناؤ کی طرح بلدی انتخابات میں عوام کا فیصلہ کانگریس کے حق میں رہے گا۔ کانگریس حکومت نے نہ صرف نئے راشن کارڈ جاری کئے بلکہ غریبوں کو مفت باریک چاول تقسیم کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ گزشتہ 2 برسوں میں قرض معافی کے تحت کسانوں کے 24 ہزار کروڑ معاف کئے گئے۔ دیہی علاقوں کی ترقی کے بعد حکومت نے شہری انفراسٹرکچر پر توجہ مرکوز کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اسمبلی حلقہ جات کے لئے خصوصی ترقیاتی فنڈس منظور کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ بی آر ایس اور بی جے پی کے پروپگنڈہ کا شکار نہ ہوں۔ مہیش کمار گوڑ کے مطابق بھیمگل کی ترقی کے طور پر 365 کروڑ سے ٹرپل کاریڈار کی تعمیر کو منظوری دی گئی۔ انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکول کے لئے 11 ایکر اراضی مختص کی گئی ہے۔ اُنھوں نے عوام کو یقین دلایا کہ بلدی انتخابات کے بعد شہری علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔1