کانگریس حکومت کو غیر مستحکم کرنے چندرا بابو نائیڈو کا استعمال

   

کانگریس قائد جگا ریڈی کا الزام، آندھراپردیش کی طرح تلنگانہ میں سیاسی سازش
حیدرآباد ۔ 8۔ جولائی (سیاست نیوز) تلگو ریاستوں کے درمیان دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی کیلئے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے چیف منسٹر کی ملاقات کا اگرچہ ہر گوشہ سے استقبال کیا جارہا ہے لیکن کانگریس کے سینئر لیڈر اور ورکنگ پریسیڈنٹ جگا ریڈی نے اسے بی جے پی کی سازش قرار دیا ہے ۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں تلگو دیشم کو آگے رکھ کر بی جے پی نے اپنی سیاست شروع کردی ہے ۔ تقسیم کے مسائل کے حل کے نام پر چندرا بابو نائیڈو تلنگانہ میں داخل ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو اور پون کلیان بی جے پی کے اشارہ پر کام کر رہے ہیں۔ جگا ریڈی نے کہا کہ آندھراپردیش کی طرح تلنگانہ میں بھی کانگریس حکومت کو غیر مستحکم کرتے ہوئے مخلوط حکومت کی تشکیل کی سازش ہے۔ انہوں نے کہاکہ انفارمیشن ٹکنالوجی شعبہ کی ترقی کا کانگریس دور حکومت میں آغاز ہوا جبکہ چندرا بابو نائیڈو نے پالیسی کو برقرار رکھا تھا ۔ تلنگانہ میں کانگریس کو نقصان پہنچانے کے لئے بی جے پی چندرا بابو نائیڈو کو استعمال کر رہی ہے۔ جگا ریڈی نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کی سازش تلنگانہ میں کامیاب نہیں ہوگی ۔ انفورمنٹ ڈائرکٹوریٹ سی بی آئی اور انکم ٹیکس اداروں کے ذریعہ بی جے پی مرکز میں برسر اقتدار آئی ہے۔ جگا ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں تلگو دیشم ، بی جے پی اور جنا سینا کے متحرک ہونے سے بی آر ایس کو فائدہ ہوگا۔ بی جے پی آندھراپردیش کی طرح تلنگانہ کیلئے بھی سیاسی سازش تیار کر رہی ہے۔ 1