کانگریس حکومت کو مسلسل عوامی مخالفت کا سامنا

   

Ferty9 Clinic

نظام آباد میں بی آر ایس کارکنوں کااجلاس ، پرشانت ریڈی و گنیش گپتا کا خطاب

نظام آباد ۔ 13 جنوری ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بی آر ایس پارٹی سینئر قائد و سابق وزیر ورکن اسمبلی مسٹر پرشانت ریڈی نے کہا ہے کہ کانگریس پارٹی روز بہ روز عوام کی نفرت اور عوامی مخالفت کا سامنا کر رہی ہے اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کی حکومت کو عوام نے مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ نظام آباد ضلع بی آر ایس پارٹی دفتر میں منعقدہ نظام آباد اربن بی آر ایس پارٹی کے اہم کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔اس اجلاس میں سابق رکن اسمبلی نظام آباد اربن گنیش گپتا، راجیہ سبھا رکن پارلیمان سریش ریڈی، سابق رکن قانون ساز کونسل وی جی گوڑ، سابق میئر دندو نیتو کرن شیکھر، شہر صدر سرپ راجو، ستیہ پرکاش، سوجیت سنگھ ٹھاکر، ضلع اقلیتی سل کے صدر نوید اقبال، ٹاؤن صدر عمران شہزاد و دیگر بھی موجود تھے ۔مسٹر پرشانت ریڈی نے کہا کہ انتخابات کے وقت کانگریس پارٹی نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ان میں سے ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔ 2500 روپے امدادی پنشن آج تک شروع نہیں ہو سکی، 2000 روپے پنشن کو 4000 کرنے کا وعدہ محض دعویٰ ثابت ہوا، مفت گیس سلنڈر، مفت برقی، دو لاکھ ملازمتیں، تولہ سونا، تعلیمی بھروسہ کارڈ جیسے تمام وعدے وفا نہیں کئے گئے ۔ کانگریس حکومت کی انہی ناکامیوں کے باعث پارٹی کا گراف مکمل طور پر گر چکا ہے اور اس کی واضح مثال سرپنچ انتخابات میں سامنے آ چکی ہے۔ پرشانت ریڈی نے کہا کہ بی جے پی کا کردار محض بیانات تک محدود رہ گیا ہے اور اس کے پاس عوام کو بتانے کے لیے کچھ بھی باقی نہیں رہا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ بالکنڈہ حلقہ کے کئی دیہاتوں میں گزشتہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو برتری حاصل ہوئی تھی، حالیہ سرپنچ انتخابات میں بی آر ایس نے شاندار کامیابی حاصل کی اور بی جے پی تیسرے مقام پر چلی گئی۔ اسی طرح بھیمگل میونسپلٹی میں ترقیاتی کاموں پر عوام نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تمام 12 کونسلر نشستیں بی آر ایس کے حق میں دے دیں۔انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ اگر نظام آباد اربن میں مضبوط اور منظم انداز میں کام کیا جائے تو 30 سے زائد کارپوریٹر نشستیں جیتنے کا مکمل امکان ہے۔اسی موقع پر نظام آباد میونسپل کارپوریشن انتخابات کے سلسلہ میں منعقدہ ایک تیاری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق رکن اسمبلی نظام آباد اربن گنیش گپتا نے کہا کہ آنے والے مونسپل انتخابات میں بی آر ایس کا پرچم میونسپل کارپوریشن پر لہرانا ہمارا نشانہ ہے۔ انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ گزشتہ دس برسوں کی بی آر ایس حکومت اور دو برس کی کانگریس حکومت کے درمیان فرق کو عوام کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کیا جائے تاکہ عوام خود فیصلہ کر سکیں۔