کانگریس حکومت کو کسانوں کی بددعائیں لگیں گی: کویتا

   

ریاست کو خشک سالی کا سامنا، میڈی گڈا پراجکٹ نظر انداز، سوریا پیٹ میں صحافیوں سے بات چیت
نظام آباد۔ 18 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن قانون ساز کونسل کویتا نے حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں فصلیں پانی کی کمی کی وجہ سے خشک ہورہی ہے لیکن چیف منسٹر ریونت ریڈی کو کسانوں کی فریاد سنائی نہیں دے رہی۔ کویتا نے زور دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی کو کسانوں کی بد دعائیں لگے گی کیونکہ وہ پانی کے مسئلے کو حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی سیاسی انتقام کی بنا پر میڈی گڈا پروجیکٹ کو استعمال نہیں کر رہے ہیں اور اس وجہ سے ریاست کو خشک سالی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے حکومت پر الزام لگایا کہ میڈی گڈا پروجیکٹ کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ کویتا نے سوریاپیٹ میں بی آر ایس پارٹی دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آندھرا پردیش حکومت 199 ٹی ایم سی پانی کے ساتھ بنکا چرل پروجیکٹ کی تیاری کی ہے اور آندھرا پردیش کے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو اس کی منظوری کے لیے کوشاں ہیں، لیکن دوسری طرف ریونت ریڈی اپنی ریاست میں ناگرجنا ساگر کو بھی سنبھالنے میں ناکام ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ سابق وزیر اعلیٰ کے سی آر کے دور میں گوداوری کے پانی کو کالیشورم پروجیکٹ کے ذریعہ سوریاپیٹ ضلع تک پہنچایا گیا تھا اور اب کانگریس حکومت کی لاپرواہی کے باعث یہ پانی کسانوں تک نہیں پہنچ رہے۔ کویتا نے ریاست میں بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔