کانگریس حکومت کی ایک سالہ تکمیل پر عوامی جشن منانے کا فیصلہ

   

14 نومبر تا 9 دسمبر مختلف پروگرامس کے لیے روڈ میاپ کی تیاری : ڈپٹی چیف منسٹر
حیدرآباد ۔ 9 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس حکومت تشکیل پانے کے ایک سال کی تکمیل پر 14 نومبر سے 9 دسمبر تک ایک سالہ عوامی جشن منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ آج سکریٹریٹ میں ڈپٹی چیف منسٹر کے زیر قیادت کابینہ سب کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں عوامی جشن منانے کے لیے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا جس کے بعد ایک روڈ میاپ تیار کیا گیا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرامارکا نے بتایا کہ ملک کے پہلے وزیراعظم جواہر لعل نہرو کی یوم پیدائش 14 نومبر سے عوامی جشن پروگرامس کا آغاز ہوگا ۔ کانگریس قائد سونیا گاندھی کی سالگرہ 9 دسمبر تک مختلف پروگرامس کا انعقاد کرنے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے ۔ جشن کے دوران مختلف کلچرل پروگرامس کا انعقاد کیا جائے گا ۔ اس 25 دنوں کے جشن کے دوران ہمہ اقسام کے پروگرامس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ جس میں چند اہم پراجکٹس کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا ہے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے مستقبل میں منعقد کرنے والے پروگرامس کے تعلق سے عوام میں شعور بیداری پیدا کی جائے گی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست کے دارالحکومت حیدرآباد سے ریاست گیر سطح دیہی علاقوں تک جشن منانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔ ان پروگرامس میں عثمانیہ ہاسپٹل ، اسپورٹس یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا ۔ 16 نومبر نرسنگ کالج کا اور 28 نومبر کو پیرا میڈیکل کالج کا افتتاح کیا جائے گا ۔ جشن کے حصہ کے طور پر چند کمپنیوں سے یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے جائیں گے ۔ گروپ 4 کے لیے منتخب ہونے والے امیدواروں میں تقرر نامہ تقسیم کیے جائیں گے ۔ 9 دسمبر کو حیدرآباد میں بڑے پیمانے پر عوامی جشن پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا ۔۔ 2