کانگریس حکومت کے خلاف بی جے پی نے چارج شیٹ جاری کیا

   

حیدرآباد : 2 نومبر ( سیاست نیوز) بی جے پی نے تلنگانہ میں کانگریس کی 23ماہ کی حکومت کی ناکامیوں کو اُجاگر کرتے ہوئے چارج شیٹ جاری کیا ہے ۔ پارٹی کے ریاستی سطح این رام چندر راؤ نے چارج شیٹ جاری کیا جس میں انتخابی وعدوں کی عدم تکمیل اور انتظامی بے قاعدگیوں کا حوالہ دیا گیا ہے ۔ رام چندر راؤ نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے فیس ریمبرسمنٹ ، آروگیہ شری ، رعیتو بندھو اور کسانوں کو دھان پر بونس کی عدم اجرائی کے ذریعہ کئی ہزار کروڑ جاری نہیں کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سماج کے تمام طبقات حکومت کی پالیسیوں سے متاثر ہیں ۔ گزشتہ کئی برسوں سے فیس ریمبرسمنٹ کے بقایا جات جاری نہیں کئے گئے اور کالجس انتظامیہ نے ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے ۔ رامچندر راؤ نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے طالبات کیلئے اسکوٹر فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن سیکل بھی فراہم نہیں کی گئی ۔ انہوں نے بی سی ڈکلریشن پر عمل آوری میں ناکامی کا الزام عائد کیا اور کہا کہ کانگریس پارٹی پسماندہ طبقات کے تحفظات میں سنجیدہ نہیں ہے ۔ رامچندر راؤ نے الزام عائد کیا کہ کانگریس حکومت مجلس کے اشاروں پر کام کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی ہلز کے ضمنی چناؤ میں عوام کانگریس کو سبق سکھائیں گے ۔ 1