ڈسپلین شکنی کے خلاف انتباہ، پولیٹیکل افیرس کمیٹی اور اڈوائزری کمیٹی کا اجلاس، چیف منسٹر ریونت ریڈی اور میناکشی نٹراجن کا خطاب
حیدرآباد : 24 جون (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کو تنظیمی سطح پر مستحکم کرنے، حکومت کی اسکیمات عوام تک پہنچانے اور مجالس مقامی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں کانگریس کی پولیٹیکل افیرس کمیٹی اور اڈوائزری کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اے آئی سی سی انچارج میناکشی نٹراجن، چیف منسٹر ریونت ریڈی، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، اے آئی سی سی سکریٹری انچارج تلنگانہ وشواناتھن اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے گزشتہ دنوں پولیٹیکل افیرس کمیٹی اور اڈوائزری کمیٹی تشکیل دی جس کا پہلا اجلاس آج گاندھی بھون میں منعقد ہوا۔ میناکشی نٹراجن اور چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پارٹی کو بنیادی سطح پر مستحکم کرنے پر توجہ دینے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کارکردگی کا دیڑھ سال مکمل کرلیا ہے اور کانگریس حکومت کا دیڑھ سال کا عرصہ سنہرے دور سے کم نہیں۔ سرکاری اسکیمات عوام تک پہنچانے میں قائدین کو اہم رول ادا کرنا چاہئے۔ حکومت اور پارٹی کے درمیان بہتر تال میل کی ضرورت ظاہر کی گئی۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی جانب سے وقتاً فوقتاً دیئے جانے والے پروگراموں پر عمل کیا جائے۔ میناکشی نٹراجن نے ’جئے باپو جئے بھیم اور جئے سمویدھان‘ مہم کو دیہاتوں کی سطح تک جاری رکھتے ہوئے کانگریس کے نظریات کو عوام تک پہنچانے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گزشتہ 18 ماہ میں حکومت کی جانب سے انتخابی وعدوں کی تکمیل اور نئی فلاحی اسکیمات کے آغاز کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ 18 ماہ کی کارکردگی ریاست کے ایک سنہرا دور ہے۔ بوتھ، دیہات اور منڈل سطح پر پارٹی کمیٹیوں کی تشکیل کے ذریعہ تنظیمی استحکام کا مشورہ دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ بوتھ سطح پر پارٹی مضبوط ہو تو سرکاری اسکیمات عوام تک پہنچ پائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو دوسری مرتبہ برسر اقتدار لانے کے لیے قائدین کو عوام کے درمیان رہنا ہوگا۔ کمیٹیوں میں موجود پارٹی قائدین صرف عہدوں اکتفا کئے بغیر بنیادی سطح تک کام کریں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پارٹی کے برے وقت میں کام کرنے والے قائدین اور کارکنوں کی خدمات کا یقینی طور پر اعتراف کیا جائے گا۔ مارکٹ کمیٹیوں، مندر کمیٹیوں اور دیگر نامزد عہدوں پر محنت کرنے والے کارکنوں کو نمائندگی دی جارہی ہے۔ چیف منسٹر نے پارٹی قائدین کو ڈسپلین شکنی کے خلاف انتباہ دیا اور کہا کہ متحدہ طور پر کارکردگی کے ذریعہ بہتر نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ چیف منسٹر نے ہر سطح پر اختلافات ختم کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آنے والے دنوں میں پارٹی اور حکومت کو کئی چیلنجس کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مجالس مقامی انتخابات کے علاوہ جوبلی ہلز کے ضمنی چنائو کے لیے پارٹی قائدین کو ابھی سے تیار ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی حکومت کی کارکردگی کی بنیاد پر جوبلی ہلم ضمنی چنائو میں کامیابی حاصل کرسکتی۔ تلنگانہ انچارج میناکشی نٹراجن نے حکومت کی اسکیمات کی ستائش کی اور کہاکہ فلاحی اسکیمات کو عوام تک پہنچانا قائدین کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کمیٹیوں میں شامل کئے گئے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ بوتھ اور دیہات کی سطح تک پہنچ کر کام کریں تاکہ مجالس مقامی کے انتخابات میں کانگریس کو شاندار کامیابی حاصل ہو۔1