ریاستی اقلیتی ڈپارٹمنٹ وائس چیرمین عبدالقادر کا خطاب
گجویل ۔ 15 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نو منتخب شدہ کانگریس حکومت اندرون سو دن اپنے انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے علاوہ اقتدار پر آنے کے ساتھ ہی دو ضمانتوں کی تکمیل کرنا ایک خوش آئند بات ہے۔ اس بات کا انکشاف ریاستی اقلیتی ڈپارٹمنٹ وائس چیرمین محمد عبدالقادر نے آج سہ پہر مستقر گجویل میں متحدہ ضلع میدک کانگریس اقلیتی نائب صدر وحید کی قیام گاہ پر اسٹاف رپورٹر روزنامہ سیاست ضلع سدی پیٹ کلیم الرحمن کے ہمراہ گزشتہ انتخابات میں کانگریس پارٹی کی شاندار کامیابی کے ضمن میں حلقہ اسمبلی گجویل کے اقلیتوں کے اشتراک سے منعقدہ کامیابی کے جشن میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ بی آر ایس حکومت گزشتہ دس برسوں سے اقلیتوں کو فلاحی اسکیمات سے محروم کرنے کے علاوہ مسلمانوں کو زندگی کے ہر شعبہ جات میں 12 فیصد تحفظات فراہمی کا نعرہ دے کر گزشتہ دس برسوں سے 12 فیصد تحفظات کی پالیسی پر ٹال مٹول کی پالیسی اختیار کرنے پر مسلمانوں نے خاموشی اختیار کرتے ہوئے اپنے ووٹ کے ذریعہ جھوٹے وعدے کرنے والی بی آر ایس حکومت کو اقتدار سے بیدخل کردیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ریاستی حکومت کے پہلے بجٹ میں اقلیتوں کو چار ہزار کروڑ روپے مختص کئے جائیں گے جس کی بناء مسلمانوں کی پسماندگی دور ہوگی۔ اس موقع پر ریاستی این ایس یو آئی قائد سردار خان، محمد ذاکر، محمد عطاللہ بیگ، شیخ جہانگیر، سید احمد، محمد واجد، مرزا امیر بیگ و دیگر موجود تھے۔