کانگریس دور میں وقف جائیدادوںکا کافی نقصان

   

Ferty9 Clinic

صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کے دورہ کریم نگر پر کانگریس کے بیان پر ٹی آر ایس کا ریمارک

کریم نگر ۔ ریاستی ٹی آر ایس قائد ساجد فخرالزماں خان نے آج پریتما کانفرنس ہال کریم نگر پر پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے واضح کیا کہ ریاستی وقف بورڈ صدرنشین محمد سلیم نے گذشتہ 3 دن قبل حضورآباد ضلع کریم نگر کا سرکاری دورہ کیا تھا اور حیدرآباد واپس براہ کریم نگر دوران کریم نگر کے چند مسلم قائدین کی خواہش پر انہوں نے کریم نگر میں تووقف کیا جہاں کریم نگر کے قلب شہر میں واقع وقف کامپلکس کا مشاہدہ کیا اور کہا تھا کہ وہ بعد میں ضلع کریم نگر کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے اوقافی جائیداد کے تحفظ اور ترقی کیلئے ممکنہ اقدامات کریں گے ۔ ساجد خان نے پریس کانفرنس میں کریم نگر کے کانگریس مسلم اقلیتی قائدین سے سوال کیا کہ کانگریس کے دور اقتدار میں مدینہ شاپنگ کامپلکس کریم نگر کی خطیر رقم کو کیوں مسلمانوں کے تعلیمی ترقی کیلئے استعمال نہیں کی گئی ۔ کیا اُس وقت کانگریس قائدین اس اہم مسئلہ سے لاعلم تھے یا وہ جان بوجھ کر مسلمانوں کیلئے کچھ بھی نہیں کیا ۔ اگر وہ چاہتے تو کئی مسلم طلباء کی مالی مدد کے ذریعہ اس خطیر رقم سے اعلی تعلیم کے مواقع فراہم کرسکتے تھے ۔ لیکن کانگریس کے دور میں یہ اہم کارنامہ انجام نہیں دیا گیا ۔ ساجد خان نے واضح کیا کہ گذشتہ مدینہ شاپنگ کامپلکس کمیٹی کی معطلی کے بعد ریاستی وقف بورڈ نے اپنے تحت مکمل انتظام لے لیا تھا اور اس خطیر رقم 60,57,661 روپئے کو ریاستی وقف بورڈ نے مختلف امور کیلئے حاصل کرلیا۔ مدینہ شاپنگ کامپلکس کے منیجمنٹ کمیٹی کی دوبارہ تشکیل کے بعد اس رقم کو واپس لائی جائے گی اور مسلم طلباء کی تعلیمی ترقی کیلئے استعمال کیا جائے گا ۔ ساجد خان نے بتایا کہ جتنا کانگریس کے دور میں وقف اراضی کو نقصان پہونچا اتنا کسی بھی حکومت میں نہیں پہونچا ۔ بابری مسجد سے لیکر لینکو ہلس تک صرف نقصان ہی نقصان ہوا ہے ۔ جبکہ ٹی آر ایس حکومت مسلمانوں کی ترقی کیلئے غریب مسلم لڑکیوں کی شادی کیلئے فی کس ایک لاکھ روپئے 200 سے زائد اقلیتی اقامتی انگریزی اسکولس و کالجس ، مسلم اقلیتی طلباء کو اعلی تعلیم کیلئے اورسیس اسکالرشپ 20 لاکھ روپئے کی امداد ائمہ مساجد کیلئے ماہانہ ا عزازیہ کی اجرائی وغیرہ کے علاوہ کے سی آر نے کئی فلاحی اسکیمات نافذ کئے ہیں ۔ ساجد خان نے ریاستی وقف بورڈ صدرنشین محمد سلیم کے دورہ کریم نگر کے متعلق کانگریس قائدین کے بیانات کو مضحکہ خیز اور بے بنیاد قرار دیا اور اس کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صدرنشین ریاستی وقف بورڈ محمد سلیم اپنا جائزہ لینے کے بعد سے لیکر آج تک بغیر کسی معاوضہ اور تنخواہ کے اپنے خدمات انجام دیتے آرہے ہیں ۔ وہ بحیثیت وقف بورڈ چیرمین ریاست تلنگانہ میں اوقافی اراضی کی ترقی کیلئے جہاں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں وہیں حال ہی میں انہوں نے اعلان کیا کہ ریاست کے تمام قبرستانوں میں بغیر کسی رقم و معاوضہ کے تدفین کے انتظامات کی جائے گی ۔ ساجد خان نے کہا کہ مسلم قائدین نے ضلع کریم نگر میں اوقافی جائیدادوں کی ترقی کے متعلق ریاستی نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار اور ریاستی وزیر بی سری ویلفیر گنگولہ کملاکر کو واقف کروایا ہے ۔ اس پریس کانفرنس میں ٹی آر ایس مسلم قائدین میر شوکت علی ، نواز حسین ، محمد اشتیاق ، شاہین ، محمود خان ، رضاء ، افروز وغیرہ موجود تھے ۔