کانگریس رکن اسمبلی جگاریڈی کا پارٹی ہائی کمان کو مکتوب

   

ناگرجنا ساگر ضمنی انتخابات تک پردیش کانگریس کی صدارت کا عمل روک دینے کا مطالبہ
حیدرآباد : کانگریس کے رکن اسمبلی جگاریڈی نے پارٹی صدر سونیا گاندھی، راہول گادنھی اور تلنگانہ کانگریس امور کے انچارج مانکیم ٹیگور کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے تلنگانہ پردیش کانگریس کی تنظیمی جدید کو اسمبلی حلقہ ناگرجنا ساگر کے ضمنی انتخابات تک روک دینے اور اتم کماریڈی کو صدارت پر قائم رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی صدر کا عجلت میں کوئی فیصلہ نہ کریں بلکہ پارٹی کے تمام سینئر قائدین کو اعتماد میں لیتے ہوئے اتفاق رائے سے فیصلہ کریں۔ جلد بازی میں کئے جانے والے فیصلے سے پارٹی کو نقصان پہنچنے کا امکان ہے۔ انہوں نے اپنے مکتوب میں پارٹی ہائی کمان کو بتایا کہ ریاست میں بی جے پی بہت زیادہ سرگرم ہوگئی ہے مگر اس کے پاس ارکان اسمبلی کی حیثیت سے کامیاب ہونے والے قائدین نہیں ہے۔ ایسے میں اگر پارٹی میں اتفاق رائے نہیں کیا گیا تو بی جے پی اس کا ناجائز فائدہ اٹھا سکتی ہے۔ جگاریڈی نے کہا کہ بی جے پی اپنے سیاسی فائدہ کیلئے بالواسطہ طور پر ٹی آر ایس اور مجلس کا بھرپور استعمال کررہی ہے۔ موجودہ تلنگانہ کی سیاسی صورتحال کے پیش نظر فبروری اور مارچ میں منعقد ہونے والے ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات تک پارٹی کو بڑی احتیاط سے فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ ایسے میں اتم کمار ریڈی کی قیادت میں آگے بڑھنا ضروری ہے۔ مکتوب میں جگاریڈی نے پردیش کانگریس کی صدارت کیلئے سونچ سمجھ کر فیصلہ کرنے کی پارٹی ہائی کمان سے اپیل کی ہے اور کہا کہ وہ اپنے مکتوب میں پارٹی کے سینئر قائدین کو بھی قلمبند کررہے ہیں۔