میڈیکل کالج کے سنگ بنیاد کے وقت تہنیت پیش کروں گا
حیدرآباد۔ کانگریس کے رکن اسمبلی جگا ریڈی نے سنگاریڈی میں میڈیکل کالج کے قیام کے اعلان پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے اسمبلی میں دیئے گئے تیقن پر قائم رہتے ہوئے سنگاریڈی میں میڈیکل کالج کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ وہ گذشتہ تین برسوں سے سنگاریڈی میں میڈیکل کالج کے قیام کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔ حکومت نے میڈیکل کالج کیلئے فنڈز مختص کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو چاہیئے کہ وہ اپنے اعلان کے مطابق میڈیکل کالج کا سنگ بنیاد رکھیں اس سے نہ صرف مجھے بلکہ کے سی آر کو چیف منسٹر کی حیثیت سے عوام کے دلوں میں جگہ ملے گی۔ جگا ریڈی نے کہا کہ سنگ بنیاد کی تقریب کے موقع پر وہ کے سی آر کو بڑے پیمانے پر سنمان کریں گے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ معاملہ پارٹی سے متعلق نہیں ہے بلکہ وہ شخصی طور پر چیف منسٹر کو تہنیت پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر چیف منسٹر ملاقات کا موقع دیں تو وہ میڈیکل کالج کے اعلان کیلئے اظہار تشکر کریں گے۔