کانگریس رکن اسمبلی راج گوپال نے 370 کی برخواستگی کا خیرمقدم کیا

   

کشمیرمیں امن اور ترقی کی امید، مخالفت کرنے والی جماعتوں پر تنقید

حیدرآباد۔6 ۔ اگست (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے کشمیر کی دفعہ 370 کی برخواستگی کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ 370 اور 35A کی برخواستگی سے کشمیر میں نہ صرف امن قائم ہوگا بلکہ ترقی ہوگی۔ مرکزی حکومت کے فیصلہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں کانگریس کے ظاہر کردہ موقف سے اختلاف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے متنازعہ دفعات کو رد کردیا جس کا عوام طویل عرصہ سے مطالبہ کر رہے تھے۔ اس فیصلہ کا میں خیرمقدم کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے اس تاریخی اور جرأت مندانہ فیصلہ سے کشمیر میں امن کی بحالی یقینی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی موقف کی آڑ میں کشمیر کی ترقی متاثر ہوچکی تھی لیکن اب تمام شہریوں کو ترقی کے یکساں مواقعحاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ 7 دہوں سے کشمیر متنازعہ اور مسائل کا شکار رہا ۔ ملک کی دیگر ریاستوں میں جو مسائل نہیں ہیں وہ کشمیر میں تھے جس کے نتیجہ میں امن اور ترقی متاثر ہورہی تھی۔ ملک کی کئی سیاسی جماعتوں کا احساس ہے کہ کشمیر مسئلہ کے مستقل حل کیلئے خصوصی موقف کی منسوخی کا فیصلہ درست ہے۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں کئی سیاسی جماعتوں نے حکومت کے فیصلہ کی تائید کی۔ راج گوپال ریڈی نے کہا کہ 370 کی منسوخی سے ہندستان دنیا بھر میں ایک مضبوط ملک کی حیثیت سے اپنی شناخت بنا چکا ہے ۔ ایک ملک ، ایک دستور کے نعرہ پر ملک کے عوام متحد تھے اور اسے نریندر مودی حکومت نے سچ کر دکھایا ۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلہ سے نریندر مودی کا نام ہمیشہ تاریخ میں لکھا جائے گا۔ ملک کی مختلف شعبوں میں ترقی کے لئے نریندر مودی کی ستائش کرتے ہوئے راج گوپال ریڈی نے کہا کہ نریندر مودی جیسے قابل، اہل اور دوراندیش وزیراعظم کے سبب ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی قیادت میں بی جے پی جس طرح ملک بھر میں مستحکم ہوئی ہے، اسی طرح تلنگانہ میں مستقبل میں بی جے پی ناقابل شکست طاقت بن کر ابھرے گی۔