کانگریس رکن اسمبلی سیتکا نے چندرا بابو نائیڈو کو راکھی باندھی

   

Ferty9 Clinic

رکن اسمبلی کی خیرسگالی کا مہیلا قائدین نے استقبال کیا
حیدرآباد۔/22 اگسٹ، ( سیاست نیوز) راکھی بندھن تہوار کے موقع پر تلگودیشم کے قومی صدر این چندرا بابو نائیڈو کو اس وقت حیرت ہوئی جب کانگریس کی رکن اسمبلی سیتکا انہیں راکھی باندھنے کیلئے قیامگاہ پہنچیں۔ سیتکا سابق میں تلگودیشم پارٹی سے وابستہ رہیں اور وہ چندرا بابو نائیڈو کی وفادار اور بااعتماد مہیلا قائدین میں شمار کی جاتی تھیں۔ ماویسٹ تحریک کے پس منظر کی حامل سیتکا نے 2018 اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی اور وہ ملگ اسمبلی حلقہ سے منتخب ہوئی ہیں۔ سیتکا نے اپنے سابقہ پارٹی صدر کو ہر تہوار کے موقع پر یاد کیا ہے اسی طرح آج راکھی بندھن کے موقع پر انہوں نے چندرا بابو نائیڈو کو مبارکباد پیش کی اور راکھی باندھی۔ پارٹی کی دیگر مہیلا قائدین نے سیتکا کے اس جذبہ خیرسگالی کی ستائش کی ہے۔ تلگودیشم سے تعلق رکھنے والی کئی مہیلا قائدین نے چندرا بابو نائیڈو کو راکھی باندھی جن میں تلگو مہیلا کی ریاستی قائد پی سجاتا، سابق وزیر پی پریٹالہ سنیتا، پروفیسر جوتسنا اور سابق رکن پارلیمنٹ آر چندر شیکھر ریڈی کی اہلیہ اور دیگر قائدین شامل ہیں۔ این ٹی آر ٹرسٹ بھون کی خاتون ملازمین نے بھی چندرا بابو نائیڈو کو راکھی باندھی۔R