سرینواس یادو کو پتے کھیلنے والا قراردیا، غیر مشروط معذرت خواہی کرنے کے ٹی آر کا مطالبہ، کانگریس قائدین زبان پر لگام رکھیں
حیدرآباد۔14۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں آج کانگریس رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کے ریمارکس پر کافی ہنگامہ ہوا۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کانگریس رکن کے ریمارکس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے غیر مشروط معذرت خواہی کا مطالبہ کیا ۔ بصورت دیگر اسپیکر کے ذریعہ کارروائی کا انتباہ دیا۔ ہنگامہ اس وقت ہوا جب بجٹ پر مباحث کے دوران کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے حکومت کے کنٹراکٹ میں بے قاعدگیوں کا الزام عائد کیا۔ برسر اقتدار پارٹی ارکان نے سخت اعتراض جتایا۔ تاہم وزیر اینمل ہسبنڈری سرینواس یادو نے مداخلت کرتے ہوئے ریمارک کیا کہ راج گوپال ریڈی چونکہ کنٹراکٹر ہیں ، لہذا کنٹراکٹ میں بے قاعدگیوں کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ کوئی اور موضوع ان کے ذہن میں نہیں ہے۔ اس مرحلہ پر راج گوپال ریڈی نے سرینواس یادو سے متعلق ریمارک کرتے ہوئے سوال کیا کہ پتے کھیلنے والے کیا وزیر بن سکتے ہیں ؟ راج گوپال ریڈی کے اس ریمارک پر ایوان میں ہنگامہ کھڑا ہوگیا۔ ٹی آر ایس ارکان اپنی نشستوں سے اٹھ کر احتجاج کرنے لگے۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے راج گوپال ریڈی پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ گزشتہ چار دن سے بجٹ پر مباحث خوشگوار ماحول میں جاری ہیں ۔ راج گوپال ریڈی اور ان کی پارٹی کی بوکھلاہٹ واضح ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیانات دے رہے ہیں۔ اسمبلی اور اس کے باہر ان کا یہی انداز ہے۔ کانگریس کے صدر بھی من مانی بیانات جاری کر رہے ہیں اور ان کی زبان پر کوئی کنٹرول نہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر کے بارے میں کانگریس کے صدر بے بنیاد الزامات عائد کر رہے ہیں۔ چند دن قبل پانچ ریاستوں کے الیکشن ہوئے۔ 98 مقامات پر کانگریس کی ضمانت ضبط ہوگئی ہوگئی اور پارٹی کا ایڈریس باقی نہیں رہا جس کے باعث قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بی جے پی کی کامیابی سے پریشان ہوکر کے سی آر دواخانہ سے رجوع ہوگئے ۔ اس طرح کا ریمارک راج گوپال ریڈی نے کیا تھا ۔ انہوں نے کہاکہ کیا یہی کانگریس کی تہذیب ہے۔ بڑوں کے بارے میں بات کرنے کا کیا یہی طریقہ ہے۔ کے ٹی آر نے ریمارک کیا کہ کانگریس پارٹی دراصل A پارٹی ہے۔ A سے آدرش گھوٹالہ ، B سے بوفورس ، C سے کامن ویلتھ۔ A سے Z تک جتنے حروف ہیں اتنے اسکام کانگریس کے ہیں۔ کسی وزیر کو نشانہ بناتے ہوئے پتے کھیلنے والا کہنا افسوسناک ہے۔ زبان پر قابو اور الفاظ پر کنٹرول ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کانگریس رکن معذرت خواہی نہیں کریں گے تو اسپیکر سے ان کے خلاف کارروائی کی نمائندگی کی جائے گی۔ر