حیدرآباد۔/21 جون، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے حسن آباد اسمبلی حلقہ کے پٹا پلی دیہات سے تعلق رکھنے والے ایم بی بی ایس کے طالب علم کو کورس کی تکمیل کیلئے مالی امداد فراہم کی ہے۔ انہوں نے ایم بی بی ایس فرسٹ ایئر کی تکمیل کیلئے ایک لاکھ روپئے کی رقم حوالے کی۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ وہ غریبوں کے بارے میں صرف زبانی ہمدردی نہیں بلکہ عملی اقدام پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کورس کی تکمیل تک مکمل اخراجات برداشت کرنے کا یقین دلایا۔ سنی نامی طالب علم کے افراد خاندان معاشی طور پر کافی پسماندہ ہیں۔ متحدہ کریم نگر ضلع کے ضلع کانگریس کمیٹی کے سکریٹری ایم یادو نے وینکٹ ریڈی کو تفصیلات سے واقف کرایا۔ طالب علم نے ایم بی بی ایس فرسٹ ایئر میں 65 فیصد نشانات کے ذریعہ داخلہ حاصل کیا ہے۔ وینکٹ ریڈی نے بھروسہ دلایا کہ وہ کورس کی تکمیل تک مدد کریں گے اور اپنے فرزند کے نام سے قائم کردہ پرتیک ریڈی فاؤنڈیشن سے مدد کی جائے گی۔ طالب علم کے والد لکشمن نے رکن پارلیمنٹ سے اظہار تشکر کیا۔ سدی پیٹ ضلع کے حسن آباد اسمبلی حلقہ کے دیہات پٹاپلی سے تعلق رکھنے والے طالب علم کے مسائل کی سماعت کے بعد رکن پارلیمنٹ نے فوری مدد فراہم کی ہے۔ر