چریال میونسپلٹی کو ریونیو ڈیویژن کا درجہ دینے کا مطالبہ، کل جماعتی احتجاج کی دھمکی
حیدرآباد ۔25۔ فروری (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے سدی پیٹ کے چریال میونسپالٹی کو ریونیو ڈیویژن کا درجہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک روزہ بھوک ہڑتال منظم کی ۔ مقامی کانگریس قائدین کے ہمراہ چریال میں آج صبح وینکٹ ریڈی نے بھوک ہڑتال کا آغاز کیا جو شام تک جاری رہی ۔ اس موقع پر مقامی قائدین نے وینکٹ ریڈی کا شاندار استقبال کیا۔ انہوں نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ پر پھول نچھاور کرنے کے بعد بھوک ہرتال شروع کیں۔ مختلف پارٹیوں کے قائدین کے علاوہ طلبہ تنظیموں نے بھوک ہڑتال کی تائید کی۔ سابق رکن اسمبلی کے پرتاپ ریڈی اور کانگریس کے میونسپل کونسلرس نے حصہ لیا۔ انہوں نے کے سی آر پر الزام عائد کیا کہ وہ چریال میونسپالٹی کے ساتھ ناانصافی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں اس علاقہ میں اہم رول ادا کیا تھا۔ کے سی آر کو چاہئے کہ وہ فوری چریال کو ریونیو ڈیویژن بنانے کا اعلان کریں۔ انہوں نے اس سلسلہ میں حکومت کو 20 دن کی مہلت دی اور کہا کہ بعد میں ایجی ٹیشن میں شدت پیدا کی جائے گی ۔ قومی شاہراہوں کو بند کردیا جائے گا اور ٹی آر ایس قائدین کا گھیراؤ کیا جائے گا ۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر وہ مرن برت کا آغاز کریں گے۔ ریونیو ڈیویژن کے لئے مختلف پارٹیوں کے قائدین نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی تشکیل دی ہے جس کے تحت جدوجہد کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کی شدت کی صورت میں چیف منسٹر پر ذمہ داری عائد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ غیر مقامی رکن اسمبلی ہونے کے سبب یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔