پردیش کانگریس کی صدارت کی اپیل، دیگر دعویدار بھی دہلی میں متحرک
حیدرآباد۔ 12 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے آج نئی دہلی میں صدر کانگریس سونیا گاندھی سے ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ سونیا گاندھی نے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کو اپنی قیامگاہ طلب کیا اور ریاست کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ نئے صدر پردیش کانگریس کے انتخاب کے سلسلہ میں مشاورت کی گئی۔ تلنگانہ میں اتم کمار ریڈی کے جانشین کی تلاش سے متعلق سرگرمیوں کے دوران یہ ملاقات اہمیت کی حامل ہے۔ اے آئی سی سی نے حال ہی میں ڈاکٹر شیلجا ناتھ کو آندھراپردیش کانگریس کمیٹی کا صدر مقرر کیا ہے۔ اس کے علاوہ کرناٹک اور نئی دہلی کے پارٹی صدور کا بھی اعلان کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ہائی کمان نے تلنگانہ کے صدر کے بارے میں مشاورت شروع کردی ہے۔ اطلاعات کے مطابق کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے پی سی سی صدارت کے لیے اپنی دعویداری پیش کی اور تیقن دیا کہ اگر انہیں موقع دیا جائے تو وہ تلنگانہ میں پارٹی کے استحکام کی مساعی کریں گے۔ ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ انہوں نے پی سی سی صدارت کے لیے سونیا گاندھی سے درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندرون 3 یوم ہائی کمان نئے صدر کا تقرر کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت کے خلاف جدوجہد کے لیے مضبوط قیادت کی ضرورت ہے اور اس کی پالیسیوں کے خلاف جدوجہد نئی قیادت کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں پارٹی کو مستحکم کرنے کے مسئلہ پر سونیا گاندھی سے بات چیت ہوئی ہے۔ وہ ایک عام کارکن کی طرح پارٹی کے لیے کام کرنے تیار ہیں۔ ریاست کی موجودہ صورتحال اور آر ایس ایس پس منظر رکھنے والے شخص کو بی جے پی کا نیا صدر مقرر کرنے کی تفصیلات سے سونیا گاندھی کو واقف کروایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پی سی سی صدر کا موقع دیا جائے تو وہ ایک عام کارکن کی طرح کام کریں گے۔ انہوں نے کارکنوں کو متحرک کرنے کے لیے قائدین کی ٹیم تیار کرنے کی تجویز پیش کی۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کے سی آر عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکے ہیں۔ اسی دوران پارٹی کے دیگر قائدین نے پی سی سی صدارت کے لیے اپنی دعویداری پیش کی ہے تاہم سونیا گاندھی نے دیگر قائدین کو ابھی تک ملاقات کا وقت نہیں دیا۔ وی ہنمنت رائو، بھٹی وکرامارکا، ریونت ریڈی، ایم ششی دھر ریڈی، پونالا لکشمیا، محمد علی شبیر اور جانا ریڈی بھی صدرات کی دوڑ میں ہیں۔