ہینڈلوم بافندوں کو ہیلت اور لائف انشورنس اسکیمات میں شامل کرنے کی درخواست
حیدرآباد۔/26جولائی، ( سیاست نیوز) کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر ٹیکسٹائیلس سمرتی ایرانی سے ملاقات کی۔ انہوں نے مرکزی وزیر کو یادداشت پیش کرتے ہوئے ہینڈلوم بافندوں کے مسائل کی یکسوئی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مرکزی وزیر کو دو علحدہ یادداشتیں پیش کی۔ ایک یادداشت میں کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے بھونگیر اور نلگنڈہ اضلاع کے ہینڈلوم بافندوں کو 500 مشینوں کی سربراہی کی درخواست کی۔ انہوں نے مرکزی حکومت کی جانب سے بافندوں کو عصری مشینوں کی سربراہی سے متعلق اسکیم کا خیرمقدم کیا اور بتایا کہ ان کے انتخابی حلقہ سے تعلق رکھنے والے سی ایچ ملیشم نے بافندوں کی سہولت کیلئے آسو مشین ایجاد کی ہے۔ اس مشین سے بافندوں کو کافی سہولت ہے۔ مرکزی حکومت کی اسکیم کے تحت تلنگانہ کو صرف 20 مشین الاٹ کئے گئے جو تلنگانہ میں موجود بافندوں کی تعداد کے اعتبار سے انتہائی ناکافی ہے۔ انہوں نے بھونگیر اور نلگنڈہ اضلاع میں کم از کم 500 مشینوں کی سربراہی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے بافندوں کیلئے ہیلت اور لائف انشورنس اسکیمات کو توسیع دینے کی خواہش کی۔انہوں نے کہا کہ سابق میں مرکزی حکومت نے بافندوں کیلئے ہیلت انشورنس اسکیم کا آغاز کیا تھا جسے درمیان میں روک دیا گیا اور راشٹریہ سوستھ بیمہ یوجنا متعارف کی گئی۔ یہ اسکیم ہینڈی کرافٹ اور ہینڈلوم کے بافندوں کیلئے بھی عمل کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ اسکیم کے مقابلہ سابقہ ہیلت اسکیم بافندوں کیلئے فائدہ مند تھی۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے پرائم منسٹر سرکھشا بیمہ یوجنا اور پرائم منسٹر جیون جیوتی بیمہ یوجنا کے تحت 18 تا70 سال کے بافندوں کو انشورنس فراہم کرنے درخواست کی۔ انہوں نے وزیر ٹیکسٹائیلس سے خواہش کی کہ اسکیمات کے قواعد پر نظرثانی کرتے ہوئے ہینڈلوم بافندوں کو اسکیم کے دائرہ میں شامل کریں۔
