اہم ٹرینوں کا بھونگیر میں اسٹاپ فراہم کرنے کی اپیل
حیدرآباد۔24 ۔ جولائی (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے آج نئی دہلی میں وزیر ریلویز پیوش گوئل سے ملاقات کی۔ انہوں نے ستاواہنا ایکسپریس ، گوداوری ایکسپریس ، پدماوتی ایکسپریس اور مچھلی پٹنم ایکسپریس ٹرینوں کو بھونگیر اسٹیشن پر توقف کرنے کے احکامات جاری کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے بتایا کہ بھونگیر ، حیدرآباد اور سکندرآباد کے قریبی علاقہ میں سیٹلائیٹ ٹاون کی طرح ہے۔ بڑی تعداد میں سرکاری ملازم یہاں بستے ہیں۔ بھونگیر کے قریب یادگیر گٹہ ایک مذہبی مقام ہے، لہذا ان ٹرینوں کا اسٹاپ بھونگیر میں ہونا چاہئے ۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ اس سے سرکاری ملازمین کو حیدرآباد جانے میں نہ صرف سہولت ہوگی بلکہ یاتریوں کو یادگیر گٹہ جانے میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے وزیر ریلویز سے درخواست کی کہ دیگر ٹرینوں کے آلیر اور جنگاؤں میں اسٹاپ کو یقینی بنائیں۔ پیوش گوئل نے کانگریسی رکن کو تیقن دیا کہ وہ درخواست کا جائزہ لیں گے اور جلد از جلد ضروری کارروائی کریں گے ۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ روزانہ بڑی تعداد میں سرکاری اور خانگی ملازمین کے علاوہ طلبہ اور تجارت پیشہ افراد بھونگیر سے حیدرآباد تک کا سفر کرتے ہیں ۔ ان کی آمد و رفت میں سہولت پیدا کرنے کیلئے اہم ٹرینوں کا اسٹاپ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرینوں کی سہولت کی عدم موجودگی کے باعث عوام کو کئی مسائل کا سامنا ہے۔ ملک کے مختلف علاقوں سے یادگیر گٹہ کو یاتریوں کی بڑی تعداد میں آمد کا سلسلہ روزانہ جاری رہتا ہے اور وہ ٹرینوں کے ذریعہ سفر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ تقریباً 50,000 یاتری مندر کے درشن کیلئے آتے ہیں، انہیں سفر کی سہولت فراہم کرنے کیلئے حکومت کو اقدامات کرنے چاہئے ۔ وزیر ریلویز نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ان امور کا جائزہ لیتے ہوئے فوری کارروائی کریں۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے وزیر ریلویز سے مسائل کی یکسوئی پر اظہار تشکر کیا ۔
