کانگریس رکن پارلیمنٹ وینکٹ ریڈی کی وزیر ریلویز سے ملاقات

   

بھونگیر میں ایکسپریس ٹرینوں کے توقف کی نمائندگی
حیدرآباد ۔18۔ فروری (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے آج حیدرآباد میں وزیر ریلویز پیوش گوئل سے ملاقات کرتے ہوئے بھونگیر لوک سبھا حلقہ میں ریلویز سے متعلق امور پر نمائندگی کی ۔ انہوں نے تین علحدہ یادداشت مرکزی وزیر کے حوالے کرتے ہوئے ایکسپریس ٹرینوں کے بھونگیر میں ہالٹ اور نارکٹ پلی میں روڈ اوور برج کی تعمیر کی درخواست کی ۔ انہوں نے کہا کہ بھونگیر کے عوام کی سہولت کیلئے ایکسپریس ٹرینوں کا توقف کیا جائے ۔ شاتاواہنا ، پدماوتی ، کونارک اور مچھلی پٹنم ایکسپریس ٹرینیں بھونگیر ریلوے اسٹیشن پر ہالٹ کرنی چاہئے ۔ ہالٹ کی صورت میں یادادری لکشمی نرسمہا مندر آنے والے یاتریوں ، طلبہ ، ملازمین اور تاجروں کو سہولت ہوگی۔ رامننا پیٹ ریلوے اسٹیشن پر چینائی ایکسپریس ، شبری ، کاکیناڈا اور ڈیلٹا فاسٹ پیسنجر ٹرینوں کو روکنے کی اپیل کی ۔ آلیر ریلوے اسٹیشن پر کونارک ، کاکیناڈا ، ناگا ولی ، ناندیڑ ، دکشن ، فلک نما اور پدماوتی ٹرینوں کا ہالٹ مقرر کیا جائے ۔ جنگاؤں میں ناندیڑھ چارمینار ، نرسا پور ، فلک نما ، وشاکھاپٹنم ایکسپریس ٹرینوں کو روکنے اہتمام کیا جا ئے گا۔ انہوں نے ریلوے اسٹیشنوں پر بنیادی سہولت وںکی فراہم کی مطالبہ کیا۔ انہوں نے چٹیال اور سری رام پورم ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان روڈ اوو برج کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ روڈ اوور برج نہ ہونے کے سبب کئی حادثات پیش آرہے ہیں اور طلبہ اور کسان ہلاک ہورہے ہیں۔ انہوں نے چٹیال اور سری رام پورم کے درمیان روڈ اوور بریج کا کام فوری شروع کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ حادثات کو روکا جاسکے ۔