سکندرآباد پارلیمنٹ کے کانگریس امیدوار انجن کمار کے حق میں ووٹ ڈالنے کی اپیل
حیدرآباد۔ 8 اپریل (سیاست نیوز) صدر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی و امیدوار حلقہ لوک سبھا سکندرآباد انجن کمار یادو نے آئندہ تین دن تک ان کا ساتھ دینے پر آنے والے 5 سال تک عوام کے تمام مسائل حل کرنے کا وعدہ کیا۔ نقاب پوش فرقہ پرست ٹی آر ایس پر بھروسہ کرتے ہوئے بی جے پی کو فائدہ نہ پہونچانے کی اپیل کی ۔ سکیولرازم کے استحکام اور غربت کے خاتمے کیلئے کانگریس کو کامیاب بنانے پر زور دیا۔ اتوار کی شب بھولکپور میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس انیل کمار یادو سابق کارپوریٹر ایس محمد واجد حسین کانگریس کے قائدین جیون خان، ڈاکٹر اعجاز خان، ڈاکٹر منہاج، عبدالقادر، کے آر کے پرساد، پی رحیم الدین کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ سکندرآباد ان کیلئے گھر جیسا ہے۔ یہاں کے عوام نے انہیں ہمیشہ پیار دیا ہے۔ یہی پیار محبت آئندہ تین دن میں ان کے ساتھ برقرار رکھیں۔ 80 فیصد ووٹ ان کے اور کانگریس کے حق میں ڈالیں۔ وہ آئندہ پانچ سال تک خدمات گذار بن کر رہیں گے۔ مسائل کو حل کرانے کیلئے ہمیشہ عوام کو دستیاب رہیں گے۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ سکیولرازم کا لبادہ اُوڑھ کر کئی بہروپئے آپ کے درمیان گھوم رہے ہیں۔ آپ ان پر ہرگز بھروسہ نہ کیجئے۔ یہ طاقتیں فرقہ پرستوں سے بھی زیادہ خطرناک ہیں۔ کانگریس سماج کے تمام مذاہب اور طبقات کا احترام کرنے والی جماعت ہے۔ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد میں ٹی آر ایس اور بی جے پی ایک دوسرے سے اتحاد کرتے ہوئے کانگریس کو شکست دینے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ ان کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ سکندرآباد حلقہ کے عوام انہیں کامیاب ہونے بھی نہیں دیں گے۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی نے حلقہ سکندرآباد کی ترقی کیلئے کوئی کام نہیں کیا بلکہ آج بھی ترقی و تعمیری کام جو بھی نظر آرہے ہیں، وہ کانگریس کی دین ہیں۔ کانگریس ترقی کے ایجنڈے پر آگے بڑھ رہی ہے جبکہ ٹی آر ایس اور اس کے حلیف بی جے پی فرقہ پرستی کی آڑ میں عوام کے ذہن منتشر کررہی ہے۔ ووٹ حاصل کرنے عوام کو خانوں میں بانٹا جارہا ہے۔ کانگریس پارٹی راہول گاندھی کی صدارت میں فرقہ پرستی کا مقابلہ کررہی ہے۔ نیائے اسکیم غربت کے خلاف سرجیکل اسٹرائیک ہے۔ وہ وعدہ کرتے ہیں، انہیں اور کانگریس پارٹی کو کامیاب بنایا جاتا ہے تو وہ غریب عوام کے بینک کھاتوں میں ماہانہ 6 ہزار روپئے جمع کرانے کے معاملے میں مکمل تعاون کریں گے۔ رائے دہی کیلئے صرف 2 دن باقی رہ گئے ہیں۔ وہ رائے دہندوں سے اپیل کرتے ہیں، جذباتی ہوکر نہیں بلکہ سوچ سمجھ کر کانگریس کے حق میں ووٹ دیں۔