کانگریس سیاسی سمندر ، کسی کے جانے پرکوئی اثر نہیں

   

بھینسہ ۔ 16 نومبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بھینسہ شہر کا قومی کانگریس کمیٹی پروگرام عمل آوری کمیٹی چیئرمین مہیشور ریڈی سابقہ رکن اسمبلی نرمل نے دورہ کیا انکے ہمراہ بھارت چوہان (خانہ پور) ، اظہر حْسین ، جنید میمن و دیگر کانگریسی قائدین موجود تھے اس دورہ کے موقع پر آنند راؤ پٹیل کانگریس ریاستی او بی سی قائد اور ایم اے لطیف ضلع اقلیتی جنرل سکریٹری ، احمد خان حوالدار ، احمد محی الدین ، عبدالاسماعیل دیگر کانگریسی قائدین و کارکنان نے والہانہ استقبال کرتے ہوئے تہنیت پیش کی بعدازاں بھینسہ شہر کے قلبی مارکیٹ علاقہ میں واقع کانگریس پارٹی دفتر میں اے مہیشور ریڈی نے پُرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کو سیاسی سمندر قرار دیا اور کہا کہ کسی کے پارٹی چھوڑنے سے کانگریس کو کوئی اثر نہیں پڑیگا کیونکہ بھینسہ ڈیویڑن و تعلقہ میں کانگریس پارٹی سے کئی افراد منسلک ہے جن کی محنتوں سے مزید مستحکم کرتے ہوئے عوامی خدمات انجام دی جائیگی اور عوام کو انصاف فراہم کرنے کے لیے ہر وقت کانگریس پارٹی و گاندھی خاندان کمربستہ ہے ، عنقریب نرمل ضلع صدر کا تقرر عمل لایا جائیگا ۔ مہیشور ریڈی کی بی جے پی شمولیت سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ میں کانگریس پارٹی سے ہی وابستہ ہوں اور سوشل میڈیا پر زیر گشت خبروں کو بے بنیاد اور جھوٹی قرار دیا ۔ اس موقع پر کانگریس قائدین و کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔