کانگریس سی اے اے پر عوام کو گمراہ کر رہی ہے: امیت شاہ

   

Ferty9 Clinic

ٹکڑے ٹکڑے گیانگ کو سزا دینے کا وقت آگیا ، اپوزیشن کی مہم پر وزیر داخلہ کا ردعمل
نئی دہلی ۔ 26 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج اپوزیشن پر شہریت ترمیمی قانون کے بارے میں الجھن پیدا کرنے اور قومی دارالحکومت کا ماحول بگاڑنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ اپوزیشن کانگریس کو گمراہ کر رہی ہے اس لئے اب ’ٹکڑے ٹکڑے گیانگ‘ کو سزا دینے کا وقت آگیا ہے ۔ مشرقی دہلی میں ملک کے پہلے ٹرانزٹ والے ڈیولپمنٹ پراجکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد اجتماع سے خطاب میں امیت شاہ نے کانگریس اور اروند کجریوال زیر قیادت عام آدمی پارٹی کو خوب نشانہ بنایا۔ دہلی میں آئندہ سال کے اوائل اسمبلی چناؤ ہونے والے ہیں۔ کانگریس نے امیت شاہ کے الزامات کو مسترد کردیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کانگریس کی قیادت میں اپوزیشن نے شہریت ترمیمی بل جو اب قانون بن چکا ہے ، اس کے تعلق سے الجھن پیدا کی ۔ دہلی نے دیکھا کہ لوگ اس معاملہ میں سڑکوں پر اتر آئے اور دارالحکومت کا پرامن ماحول طویل عرصہ بعد بگڑ گیا ۔ ’’میں پوری ذمہ داری سے کہنا چاہتا ہوں کہ دہلی اور اس کے عوام کو سی اے اے کے تعلق سے گمراہ کرتے ہوئے اپوزیشن نے دہلی کا ماحول خراب کیا ہے۔ اس کی سزا دینا ضروری ہے‘‘۔ آنے والے چناؤ میں بی جے پی کی کارکردگی کے تعلق سے اعتماد ظاہر کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ دہلی میں کجریوال حکومت کا وقت پورا ہوچکا اور اب یہاں بھی کنول کھلے گا۔ امیت شاہ پر جواب تنقید میں عام آدمی پارٹی کے ترجمان راگھو چڈھا نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال میں ان کی پارٹی نے کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا، ایسا دعویٰ کرنا سفید جھوٹ ہے کیونکہ عوام کو حقیقت حال معلوم ہے۔