بی آر ایس ایم ایل سی پی راجیشور ریڈی کا متنازعہ ریمارک، ناراضگیوں میں مزید اضافہ
حیدرآباد 26 اگست (سیاست نیوز) بی آر ایس رکن قانون ساز کونسل پی راجیشور ریڈی نے کانگریس سے بی آر ایس میں شامل ارکان اسمبلی کے خلاف متنازعہ ریمارکس کرکے انہیں بھونکنے والے کتے قرار دیا جس پر تمام ارکان اسمبلی ناراض ہیں اور ان کے خلاف تادیبی کارروائی کا پارٹی قیادت سے مطالبہ کررہے ہیں۔ بی آر ایس امیدواروں کے اعلان کے بعد پہلی مرتبہ چیف منسٹر کے سی آر کو پارٹی میں جہاں سخت مخالفتوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ وہیں پارٹی قائدین کی باغی سرگرمیاں درد سر بنی ہوئی ہیں۔ ابھی یہ مسئلہ ختم ہی نہیں ہوا تھا کہ جنگاؤں ٹکٹ کے دعویدار بی آر ایس ایم ایل سی پی راجیشور ریڈی نے متنازعہ ریمارکس کیا ہے جس سے پھر ایک بار ناراضگیاں بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے پارٹی قائدین سے کہا کہ کانگریس کے ارکان اسمبلی اپوزیشن میں رہ کر کتوں کی طرح بھونک رہے تھے۔ ان کا منہ بند کرنے چیف منسٹر نے انہیں بی آر ایس میں شامل کیا اور انہیں مجبوری میں دوبارہ ٹکٹ دیا گیا ہے۔ پارٹی حلقوں میں یہ ریمارکس ناپسند کئے جارہے ہیں۔ ذرائع کے بموجب کانگریس سے بی آر ایس میں شامل وزراء اور ارکان اسمبلی نے چیف منسٹر کے سی آر سے پی راجیشور ریڈی کے ریمارکس کی شکایت کرکے کارروائی پر زور دیا ہے اور کہا کہ وہ انتخابات کیلئے عوام سے رجوع ہورہے ہیں۔ ایسے میں ان کے خلاف یہ ریمارکس توہین آمیز ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر نے 115 اسمبلی امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ تاہم اسمبلی حلقہ جنگاؤں کے امیدوار کے اعلان کو روکے رکھا ہے جس کے پی راجیشور ریڈی بھی دعویدار ہیں۔ جنگاؤں کی نمائندگی کرنے والے بی آر ایس رکن اسمبلی ایم یادگیر ریڈی نے کانگریس سے بی آر ایس میں شامل ارکان اسمبلی کے خلاف پی راجیشور ریڈی کی جانب سے کئے گئے ریمارکس کی سخت مذمت کرتے ہوئے اس کو پارٹی صدر اور چیف منسٹر کے سی آر کے فیصلوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ن
