ٹی وی سروے میں 46فیصد کی راہول ‘گیہلوٹ13اور ششی تھرورکو11فیصد عوام کی حمایت
نئی دہلی : کانگریس صدر کے عہدے کے لیے نامزدگی شروع ہو گئی ہے۔ اس دوران یہ سوال سب سے زیادہ پوچھا جا رہا ہے کہ کانگریس کا اگلا صدر کون ہوگا؟ کانگریس صدر کے عہدے کی دوڑ میں کئی نام لئے جا رہے ہیں۔ ایک ٹی وی چینل پر اپنے طور پر آن لائن سروے کیا گیاہے۔ اس سروے میں 4361 لوگوں سے بات کی گئی ہے۔ سروے کے نتائج مکمل طور پر لوگوں کے ساتھ کی گئی بات چیت اور ان کے اظہار خیال پر مبنی ہیں۔ اس سوال کے جواب میں ایک حیران کن بات سامنے آئی، سروے میں 46 فیصد لوگوں نے کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی کا نام لیا۔ 13 فیصد لوگوں نے راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت کا انتخاب کیا۔ وہیں 11 فیصد لوگوں نے کانگریس کے سینئر لیڈر اور رکن پارلیمنٹ ششی تھرور کے حق میں ووٹ دیا۔ 30 فیصد لوگوں نے کہا کہ ان تینوں میں سے کوئی نہیں۔ غور طلب ہے کہ کانگریس صدر کے انتخاب کا نوٹیفکیشن گزشتہ 22 ستمبر کو جاری کیا گیا ہے۔ نامزدگی کا عمل بھی آج سے شروع ہو گیا ہے۔ ایک سے زائد امیدواروں کی صورت میں پولنگ 17 اکتوبر کو ہوگی اور نتائج کا اعلان 19 اکتوبر کو کیا جائے گا۔کانگریس کی طرف سے کہا گیا ہے کہ راہول گاندھی الیکشن نہیں لڑیں گے۔ اس وقت صدر کے عہدے کی دوڑ میں اشوک گہلوت اور ششی تھرور کے نام سب سے آگے ہیں۔ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 30 ستمبر ہے۔ ایسے میں اس دوڑ میں مزید ناموں کے شامل ہونے کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔عوام کی بڑی تعداد اور کانگریس پارٹی کے قائدین اور کارکن بھی راہول گاندھی کی حمایت کررہے ہیں ۔کانگریس پارٹی سے بعض قائدین کے مستعفی ہونے کے بعد پارٹی صدر کے عہدہ کو لیکر کافی ہلچل جاری ہے اور سب اس کے منتظر بھی ہیں ۔