نئی دہلی:کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے بالاسور ٹرین حادثے کے حوالے سے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک خط لکھ کر ملک بھر کے تمام ریلوے روٹس پر ضروری حفاظتی اقدامات کرنے اور مشن موڈ پر حفاظتی آلات نصب کرنے کی اپیل کی ہے۔ کھڑگے نے اڈیشہ کے بالاسور میں ہونے والے حادثے کو ہندوستانی ریلوے کی تاریخ کا سب سے بدترین حادثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حادثے نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اس میں سینکڑوں بے گناہ لوگ ایک ہی جھٹکے میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جس سے پورا ملک غمزدہ اور صدمے میں ہے۔ انہوں نے کہا، “ٹرانسپورٹ کے شعبے میں تمام انقلابات کے بعد بھی، ریل اب بھی عام ہندوستانیوں کے لیے لائف لائن ہے اور سب کے لیے نقل و حمل کا سب سے قابل اعتماد اور سستا ذریعہ ہے۔