نظام آباد :17؍ نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)بی آر ایس ایم ایل سی کلواکنٹلا کویتا نے کہا کہ کانگریس پارٹی بچھو کی صفت رکھنے والی پارٹی ہے جو عوام کے بھروسہ کوکبھی بھی اپنے زہرسے ڈس سکتی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس اور بی جے پی جیسی جماعتوں پر بھروسہ کرکے دھوکہ میں نہ آئیں۔ انہوں نے اس بات کافیصلہ عوام کی صوابدیدپرچھوڑاکہ آیا ہمیں بی آر ایس پر یقین کرنا چاہیے جس کاکام بولتا ہے یا بی جے پی اور کانگریس جیسی جماعتوںپر یقین کرنا چاہیے جو نئی کہانیاں سنا نے میںمہارت رکھتی ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ہی جماعتیں کبھی عوام کا نہیں سوچتی۔ انہوں نے عوام سے چیف منسٹر کے سی آر کواپنے ووٹ کے ذریعہ آشیرواد دینے کی اپیل کی جو ہمیشہ تلنگانہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے سوچتے ہیں۔رکن قانون ساز کونسل کویتا‘آرمورکے بی آرایس امیدواراے جیون ریڈی کے ہمراہ نندی پیٹ منڈل میںمنور کاپواتمیہ سمیلن سے خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سوچیں کہ کیا انہیں کانگریس پارٹی پر بھروسہ کرتے ہوئے دوبارہ دھوکہ کاشکارہوناچاہیں گے؟۔انہوں نے کہا کہ تلنگانہ واحد ریاست ہے جو بیڑی کارکنوں کو پنشن دے رہی ہے جس کی مثال ملک بھرمیں کہیں نظرنہیں آتی۔ کے کویتا نے کہاکہ کانگریس کے 55 سال کے دور حکومت میں کبھی کھاد وقت پر فراہم نہیں کی گئی، کھیتی اور پینے کا پانی فراہم نہیں کیا گیا انہوں نے کہاکہ آج تلنگانہ کا زرعی شعبہ پوری آب وتاب کے ساتھ مستحکم نظر آتا ہے۔ انہوں نے آرمورکے بی آرایس امیدوار جیون ریڈی کے حق میں ووٹ دیتے ہوئے انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب کرنے کی اپیل کی۔