کورونا کی صورتحال پر وائٹ پیپر کا مطالبہ، پارٹی قائدین سے ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد۔ 9 اپریل (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کانگریس کارکنوں اور قائدین سے اپیل کی کہ وہ لاک ڈائون سے متاثرہ خاندانوں کی امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہوجائیں۔ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ اتم کمار ریڈی نے پارٹی قائدین اور کارکنوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے اقدامات اور خرچ کئے گئے فنڈس کی تفصیلات پر مشتمل وائٹ پیپر جاری کرے۔ انہوں نے کہا کہ وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومت لاک ڈائون میں توسیع کا منصوبہ رکھتی ہے جس سے غریبوں کے لیے مسائل میں اضافہ ہوگا۔ کانگریس قائدین اور کارکنوں کو چاہئے کہ وہ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ 14 اپریل کو لاک ڈائون کے خاتمے کی صورت میں سماجی فاصلہ ختم ہوجانے کے ڈر سے مرکزی حکومت لاک ڈائون میں توسیع کا منصوبہ رکھتی ہے۔ ان حالات میں کانگریس کی ذمہ داری ہے کہ وہ غریبوں کی امداد کے لیے سرگرم ہوجائے۔ روزانہ کمائی کرنے والے اور دیگر ریاستوں کے مزدوروں کی حالت انتہائی ابتر ہے۔ روزگار سے محروم افراد معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کانگریس کیڈر کو مشورہ دیا کہ وہ امدادی کام منصوبہ بندی کے ساتھ کریں اور گاندھی بھون میں قائم کردہ کنٹرول روم سے ربط میں رہیں۔ ہر ضلع میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف افراد واٹس ایپ گروپ بناکر سرگرمیوں کی تفصیلات پیش کریں تاکہ اے آئی سی سی کو ریاست میں جاری امدادی کاموں سے واقف کرایا جاسکے۔ انہوں نے تلنگانہ میں کورونا وائرس کی حقیقی صورتحال پر مشتمل وائٹ پیپر کی اجرائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی بدحالی کے سبب اپنے ملازمین کو مکمل تنخواہ ادا کرنے کے موقف میں نہیں ہے۔ ویڈیو کانفرنس میں پارٹی کے 60 اہم قائدین کے علاوہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے 20 سینئر قائدین نے حصہ لیا۔