کانگریس قائدین نے اضافی قیمتوں کے خلاف کلکٹریٹ حیدرآباد کا گھیراؤ کیا

   

کلکٹر کو یادداشت کی پیشکشی، فیروزخاں، عبداللہ سہیل اور سنیتا راؤ کی شرکت
حیدرآباد۔/6 اپریل، ( سیاست نیوز) پٹرول، ڈیزل، پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ اور ریاست میں برقی شرحوں میں اضافہ کے خلاف کانگریس قائدین نے آج ریاست بھر میں ضلع کلکٹریٹس کا گھیراؤ کرتے ہوئے کلکٹرس کو یادداشت پیش کی۔ حیدرآباد اور کریم نگر میں بڑے پیمانے پر احتجاج منظم کیا گیا جس کی آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے اپیل کی تھی۔ کلکٹریٹ حیدرآباد کے گھیراؤ کی قیادت سینئر قائد محمد فیروز خاں نے کی۔ صدر نشین میناریٹی ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل، صدر مہیلا کانگریس سنیتا راؤ، انیل کمار یادو، محمد راشد خاں، عظمیٰ شاکر اور دیگر قائدین نے ریالی کی شکل میں کلکٹریٹ پہنچ کر مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے خلاف نعرہ بازی کی ۔ پولیس نے احتجاجیوں کو کلکٹریٹ کی عمارت میں داخل ہونے سے روک دیا تاہم کانگریس قائدین نے کلکٹر حیدرآباد سے ملاقات کرتے ہوئے یادداشت حوالے کی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے فیصلہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مہنگائی سے پریشان حال غریب اور متوسط طبقات کیلئے برقی شرحوں میں اضافہ ناقابل برداشت ہے۔ کلکٹر سے خواہش کی گئی کہ یادداشت کی نقل مرکز اور ریاستی حکومتوں کو روانہ کریں۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے فیروزخاں اور سنیتا راؤ نے کہا کہ گزشتہ آٹھ برسوں میں دونوں حکومتیں عوام کے مفادات کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو راحت پہنچانے کے بجائے دن بہ دن مہنگائی میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ دونوں حکومتیں عوام کی فلاح و بہبود کے دعوے کرتی ہیں لیکن حقیقت اس کے برخلاف ہے۔ فیروز خاں نے کہا کہ پٹرول، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتوں نے ہر خاندان کی مالی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ وقت آچکا ہے کہ عوام کو مرکز و ریاست کے خلاف جدوجہد کیلئے میدان میں آنا ہوگا تاکہ آئندہ انتخابات میں بی جے پی اور ٹی آر ایس کو اقتدار سے بیدخل کیا جائے۔ر