کانگریس قائدین پاکستان جاکر نعشوں کی گنتی کریں

,

   

بالاکوٹ میں 300موبائیل فونس کارکرد تھے ، کیا انہیں درخت استعمال کررہے تھے: راجناتھ سنگھ
ڈھوبری ۔5مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر داخلہ راجناستھ سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان کے بالاکوٹ میں جیش محمد کے تربیتی کیمپ پر انڈین ایئرفورس کے حملے میں مہلوک دہشت گردوں کی تعداد آج یا کل معلوم ہوجائے گی ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نیشنل ٹکنیکل ریسرچ آرگنائزیشن ( این ٹیآر او ) سسٹم نے اس مقام پر ہندوستان کے حملے سے قبل تقریباً 300 موبائیل فونس کارکرد رہنے کی اطلاع دی تھی ۔ راجناتھ سنگھ نے اپوزیشن پر الزام عائد کیا کہ وہ فضائی حملوں پر سیاسی کھلواڑ کررہی ہیں ۔ انہوں نے دہشت گردوں کی تعداد معلوم کرنے کیلئے کانگریس کو پاکستان جانے اور نعشوں کی گنتی کرنے کا مشورہ دیا ۔ بی ایس ایف کے ایک سرحدی پراجکٹ کا افتتاح کرنے کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہاکہ ’’ دیگر سیاسی جماعتوں کے بعض قائدین یہ پوچھ رہے ہیں کہ آئی اے ایف کے فضائی حملوں میں کتنے دہشت گرد مارے گئے ہیں ۔ آج یا کل ضرور اس کا پتہ چل جائے گا ۔ پاکستان اور ان کے قائدین جانتے ہیں کہ کتنے دہشت گرد مارے گئے ہیں ۔ مہلوک دہشت گردوں کی تعداد پر سوال اٹھانے والی اپوزیشن نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ بعض جماعتیں ایک ہی راگ لگائے بیٹھی ہیں کہ کتنے مرے ، کتنے مرے ہیں ‘‘ راجناتھ سنگھ نے برہمی کے ساتھ سوال کیا کہ ’’ ایرفورس کو اپنے حملوں کے بعد وہاں جاکر 1، 2، 3، 4اور 5نعشیں گننا چاہیئے ؟

آخر یہ کیا مذاق ہے ؟ ‘‘ وزیر داخلہ نے کہا کہ این ٹی آر او ایک قابل بھروسہ اور مصدقہ نظام ہے جس نے بتایا تھا کہ ( بالاکورٹ کے مقام پر ) 300موبائیل فونس کارکرد تھے ۔ کیا ان موبائیل فونس کو وہاں موجود درخت استعمال کررہے تھے ؟ کیا اب آپ ( اپوزیشن ) این ٹی آر او سسٹم پر بھی بھروسہ نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ صرف حکومت قائم کرنے کے مقصد سے ہی نہیں بلکہ ملک کی تعمیر کیلئے بھی سیاست کرنی چاہیئے ۔ کانگریس میں موجود میرے دوست اگر تعداد جاننا چاہتے ہیں تو میں یہ کہوں گا کہ وہ پاکستان جائیں اور عوام سے پوچھیں کہ انڈین ایرفورس کے حملے میں کتنے دہشت گرد مرے ہیں اور نعشوں کی گنتی کریں ‘‘ ۔ پاکستان کے بالاکوٹ میں جیش محمد کے تربیتی کیمپوں پر فضائی حملوں کے ضمن میں مودی حکومت کو اپوزیشن کی سخت تنقیدوں کا سامناہے ۔