نئی دہلی، 31اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق صدر پرنب مکھرجی، سابق نا ئب صدر حامد انصاری اور سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے آج سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کو انکی برسی پر جذباتی خراج عقیدت پیش کیا۔کانگریس کی صدر سونیا گاندھی آج صبح سویرے محترمہ اندرا گاندھی کی سمادھی شکتی استھل پہنچیں اور انہیں گلہائے عقیدت پیش کئے ۔ اس موقع پر کانگریس کے کئی سینئر لیڈر اور معزز شخصیات موجود تھیں۔ راجستھان کے وزیراعلی اشوک گہلوت نے بھی شکتی استھل پہنچ کر سابق وزیراعظم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس کے علاوہ کانگریس کے کئی سینئر کارکن بھی استھل پر پہنچے اور محترمہ اندرا گاندھی کو گلہائے عقیدت پیش کئے ۔ اس موقع پر دعائیہ تقریب کا بھی انعقاد کیا۔اس کے بعد تمام قائدین اندرا گاندھی کی یادگار صفدرجنگ روڈ گئے اور انہیں گلہائے عقیدت پیش کیا ۔ خیال رہے کہ محترمہ اندرا گاندھی کو 31اکتوبر 1984کو انکی رہائش گاہ پر ان کے سیکورٹی گارڈوں نے قتل کردیا تھا۔کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے ایک ٹوئٹ کرکے سابق وزیراعظم خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ آج میری دادی محترمہ اندرا گاندھی جی کا یوم قربانی ہے ۔ آپ کے فولادی ارادے اور جرات مندانہ فیصلے ہر قدم پر میری رہنمائی کرتے رہیں گے ۔ آپ کو میرا سلام۔ پارٹی کی سینئر لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا نے ٹوئٹ کیا ‘یہ وہ پہلا شلوک ہے جسے ہماری دادی نے میرے بھائی اور مجھے سکھایا۔ اکثر ہمیں دیکھ کر اس کی پہلی لائن بولتی تھیں اور ہم اسے پورا کرتے تھے ۔آج اسکی آخری لائن دل میں گونج رہی ہے ’۔
وزیر اعظم مودی کا اندرا گاندھی کو خراج
نئی دہلی، 31 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی نے سابق وزیر اعظم آنجہانی اندرا گاندھی کی برسی پر جمعرات کو انہیں خراج عقیدت پیش کر کے ان کو یاد کیا۔ مودی نے ٹویٹ کیا‘‘ملک کی سابق وزیر اعظم مسز اندرا گاندھی کو ان کی برسی پر خراج عقیدت’’۔