کانگریس قائدین کو داخلی اختلافات ختم کرنے پرینکا گاندھی کی ہدایت

   


دہلی میں 2 گھنٹے تک ملاقات، وینکٹ ریڈی غیر حاضر، ہر قائدکو اظہار خیال کا موقع
حیدرآباد۔/23 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس میں داخلی اختلافات ختم کرنے کی مساعی کے طور پر جنرل سکریٹری اے آئی سی سی پرینکا گاندھی نے نئی دہلی میں سینئر قائدین کے ساتھ اجلاس طلب کیا اور انہیں متحدہ طور پر آئندہ اسمبلی الیکشن میں پارٹی کی کامیابی کیلئے کام کرنے کی ہدایت دی۔ پرینکا گاندھی جو جنوبی ریاستوں خاص طور پر تلنگانہ اور کرناٹک کے امور میں دلچسپی لے رہی ہیں‘ پارٹی کی تلنگانہ میں صورتحال سے خوش نہیں ہیں۔ انہوں نے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کے خلاف سینئر قائدین کی بیان بازی پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ کوئی بھی شکایت ہو تو میڈیا میں جانے کے بجائے ہائی کمان سے رجوع ہوں۔ انہوں نے منوگوڑو کے ضمنی چناؤ میں متحدہ مہم کی تجویز پیش کی اور کہا کہ وہ عنقریب تلنگانہ کا دورہ کریں گی۔ دو گھنٹے سے زائد تک یہ اجلاس کل رات منعقد ہوا جس کے بعد پرینکا گاندھی نے ٹوئٹر پر تصاویر کے ساتھ لکھا کہ تلنگانہ کے قائدین کے ساتھ اچھی میٹنگ رہی۔ مجھے خوشی ہے کہ قائدین نے ریاستی اور مرکزی حکومتوں کے خلاف متحدہ طور پر مقابلہ کے عہد کا اعادہ کیا ہے۔ جن قائدین کو ملاقات کیلئے مدعو کیا گیا ان میں صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی، رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی، ارکان مقننہ سریدھر بابو ، جیون ریڈی، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا اور انتخابی مہم کمیٹی کے صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ شامل تھے۔ رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کو مدعو کیا گیا تھا لیکن وہ شریک نہیں ہوئے۔ اجلاس میں جنرل سکریٹری تنظیمی امور کے سی وینو گوپال اور تلنگانہ کے انچارج مانکیم ٹیگور موجود تھے۔ ہر قائد کو دس تا پندرہ منٹ اظہار خیال کا موقع دیا گیا۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ معمولی اختلافات کو ختم کیا جائے تاکہ پارٹی مستحکم رہے۔ انہوں نے نلگنڈہ کے قائدین کو منوگوڑو ضمنی چناؤ کی ذمہ داری دینے کا مشورہ دیا۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی سے بات کرنے کی ذمہ داری دامودھر راج نرسمہا اور مدھو یاشکی گوڑ کو دی گئی ہے۔ ریونت ریڈی سے کہا گیا کہ وہ تمام قائدین کو ساتھ لے کر بہتر تال میل کے ذریعہ کام کریں۔ر