کانگریس قائدین کو عوام کے درمیان رہنے انچارج تلنگانہ کا مشورہ

   

دیپا داس منشی سے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور اتم کمار ریڈی کی ملاقات
حیدرآباد۔/3 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس کے انچارج دیپا داس منشی نے قائدین اور کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ ہمیشہ عوام کے درمیان رہیں اور حکومت کی ضمانتوں پر موثر عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ سابق رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر ملوروی، ریاستی وزیر اتم کمار ریڈی اور دیگر قائدین نے دیپا داس منشی سے ملاقات کرتے ہوئے نئی ذمہ داری پر مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ دیپا داس منشی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ان کی قیامگاہ پہنچ کر خیرسگالی ملاقات کی اور ریاست کی تازہ ترین سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ دیپا داس منشی نے اسمبلی چناؤ کی طرح لوک سبھا چناؤ میں پارٹی قائدین کے متحدہ مقابلہ کا مشورہ دیا اور کہا کہ ہر لوک سبھا حلقہ کیلئے جن وزراء کو ذمہ داری دی گئی ہے انہیں متحرک کیا جائے۔ دیپا داس منشی نے امیدواروں کے انتخاب کے معاملہ میں سفارشات کے بجائے کامیابی کی اہلیت رکھنے والے قائدین کے انتخاب کا مشورہ دیا۔ ڈاکٹر ملو روی سے ملاقات کے دوران دیپا داس منشی نے کہا کہ کانگریس نے جن چھ ضمانتوں کا اعلان کیا ہے اس کے فوائد غریب اور مستحقین تک پہنچانے کیلئے قائدین کو مساعی کرنی چاہیئے۔ دیپا داس منشی نے قائدین کو یقین دلایا کہ وہ تمام قائدین کو ساتھ لے کر لوک سبھا انتخابات کی حکمت عملی تیار کریں گی۔1