حلقہ اسمبلی سنگاریڈی کی ترقی کے لیے چیف منسٹر سے ملاقات کے خواہاں ، کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ 17 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے رکن اسمبلی جگا ریڈی نے سنسنی خیز ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ شاید چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کو ان کی ضرورت نہیں ہے ۔ مگر اسمبلی حلقہ سنگاریڈی کو ترقی دینے کے لیے انہیں چیف منسٹر کے تعاون کی ضرورت ہے ۔ آج اسمبلی اجلاس کے پہلے دن اسمبلی کی لابی میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ وہ اپنے حلقہ اسمبلی کی ترقی کے لیے چیف منسٹر سے ملنا چاہتے ہیں اور ملاقات کا وقت ملنے تک انتظار کریں گے ۔ کانگریس کے رکن اسمبلی نے کہا کہ اگر چیف منسٹر کے سی آر ان کے اسمبلی حلقہ کا دورہ کرتے ہیں تو وہ ان کا والہانہ استقبال کرتے ہوئے تہنیت بھی پیش کریں گے ۔ بصورت دیگر خاموش رہیں گے ۔ مگر چیف منسٹر کے خلاف کوئی تنقید یا ریمارکس نہیں کریں گے ۔ جگا ریڈی نے کانگریس قائدین اور ارکان اسمبلی کو مشورہ دیا کہ وہ بھی غیر ضروری چیف منسٹر کے خلاف کوئی ریمارکس نہ کریں ۔ ریاست کے عوام نے ٹی آر ایس کو دوبارہ اقتدار سونپا ہے ۔ عوام کے فیصلے کا احترام کرنا کانگریس کی ذمہ داری ہے ۔ جگا ریڈی نے کہا کہ وہ اپنے پہلے اعلان کردہ موقف پر آج بھی برقرار ہے اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہے ۔ عوام نے فیصلہ کردیا ہے ۔ مزید اس پر ردعمل کا اظہار کرنا مناسب نہیں ہے ۔ وہ کانگریسی ہے اور کانگریس پارٹی میں موجود رہیں گے ۔ اپنی شریک حیات کیلئے حلقہ لوک سبھا میدک سے ٹکٹ طلب کررہے ہیں اگر کانگریس ہائی کمان ٹکٹ دیتی ہے تو وہ اپنی شریک حیات کو کامیاب بنانے کی ہر ممکن کوشش کرینگے ۔۔