سابق وزیر ڈاکٹر چندر شیکھر سے ڈی کے ارونا کی ملاقات، عنقریب شمولیت کاامکان
حیدرآباد: بی جے پی نے تلنگانہ میں کانگریس قائدین کیلئے آپریشن آکرش کو جاری رکھا ہے۔ تازہ ترین تبدیلی کے تحت سابق وزیر ڈاکٹر اے چندر شیکھر کو بی جے پی میں شامل کرانے کیلئے سینئر قائدین کی جانب سے ترغیب دی جارہی ہے۔ وجئے شانتی کی شمولیت کے بعد سے بی جے پی نے دیگر قائدین کو گھیرنے کا کام تیز کردیا ہے۔ کانگریس کے خازن جی نارائن ریڈی نے بھی گزشتہ دنوں بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ سابق وزیر ڈاکٹر اے چندر شیکھر نے پارٹی میں شمولیت سے اتفاق کرلیا ہے۔ بی جے پی کی قومی نائب صدر ڈی کے ارونا نے چندر شیکھر سے ملاقات کرتے ہوئے بی جے پی میں شمولیت کی دعوت دی۔ بتایا جاتا ہے کہ بی جے پی قائدین سے ڈاکٹر چندر شیکھر کی بات چیت حوصلہ افزاء رہی اور بہت جلد وہ شمولیت کا اعلان کرسکتے ہیں۔ وقار آباد میں بڑے جلسہ عام کے انعقاد کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ ڈاکٹر چندر شیکھر سابق میں ٹی آر ایس سے وابستہ رہے اور کے سی آر سے اختلافات کے بعد کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ گریٹر بلدی انتخابات میں بہتر مظاہرہ کے بعد بی جے پی نے کانگریس و ٹی آر ایس قائدین کے لئے آپریشن آکرش میں تیزی پیدا کردی ہے۔