کانگریس قائدین کی الیکشن کمیشن سے ملاقات

   

ریتو بندھو فنڈز کنٹراکٹرس کو منتقل کرنے اور اراضی ریکارڈس تبدیل کرنے کی شکایت
حیدرآباد ۔ 2 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس قائدین کے ایک وفد نے چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست میں انتخابی ضوابطہ اخلاق نافذ العمل رہنے کے دوران ریتو بندھو اسکیم کے فنڈز کنٹراکٹرس کو دینے کے علاوہ اراضیات کا ریکارڈ منتقل کرنے کی شکایت کرتے ہوئے اس کی روک تھام کرنے کی اپیل کرتے ہوئے یادداشت پیش کی۔ الیکشن کمیشن کے آفس کو پہنچنے والے قائدین میں ریونت ریڈی، اتم کمار ریڈی، پی سرینواسر یڈی، مدھوگوڑ یشکی، انجن کمار یادو کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ رائے دہی کے اختتام کے بعد چیف منسٹر اور بی آر ایس قیادت کو شکست کا اندازہ ہوگیا ہے۔ اس کے بعد صرف کمیشن کی خاطر بی آر ایس حکومت اپنے حامی کنٹراکٹرس کو ریتو بندھو اسکیم کے جو فنڈز ہے وہ جاری کررہی ہے جبکہ اس طرح کا اقدام کرنے کا بی آر ایس حکومت اور چیف منسٹر کے سی آر کو کوئی اختیار نہیں ہے۔ یہ کارروائی انتخابی قواعد کی خلاف ورزی ہے۔ ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ عمل ہے۔ الیکشن کمیشن کی منظوری کے بغیر حکومت کوئی بھی مالیاتی اقدامات کرنے کا اختیار نہیں رکھتی۔ ہمیں اطلاع ملی ہیکہ حکومت ریتو بندھو اسکیم کے 6 ہزار کروڑ روپئے رقم کنٹراکٹرس کے حوالے کررہی ہے۔ اس کے علاوہ اضلاع سنگاریڈی، رنگاریڈی اور میڑچل میں اسائینڈ لینڈ کے ریکارڈ کو منتقل کرنے کی بھی بڑے پیمانے پر شکایتیں وصول ہورہی ہیں۔ آخری دنوں میں حکومت غیرقانونی اور غیرمجاز اقدامات کررہی ہے۔ الیکشن کمیشن کو اس پر نظر رکھنے کی اپیل کی۔ن