کانگریس قائدین کی بیان بازی پر کنتیا کی ناراضگی

   

میڈیا اور سوشل میڈیا سے دور رہنے کی ہدایت
حیدرآباد۔ 13 مارچ (سیاست نیوز) جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ ڈاکٹر رام چندر کنتیا نے تلنگانہ پارٹی قائدین کو ہدایت دی ہے کہ وہ اختلافی مسائل پر میڈیا اور سوشل میڈیا میں اپنی رائے کے اظہار سے گریز کریں۔ انہوں نے بعض قائدین کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی، تلنگانہ میڈیا اور سوشل میڈیا میں وائرل ہونے والی خبروں پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ کنتیا نے تمام قائدین کے نام ہدایت جاری کی جس میں کہا گیا کہ ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے پارٹی میں الجھن پیدا ہورہی ہے اور یہ صورتحال کانگریس پارٹی کو کمزور کرسکتی ہے۔ ایسے وقت جبکہ پارلیمنٹ کا سیشن جاری ہے قائدین کو بیان بازی سے گریز کرنا چاہئے۔ انہوں نے پارٹی قائدین کو ہدایت دی کہ وہ میڈیا اور سوشل میڈیا سے رجوع نہ ہوں۔ اگر وہ چاہیں تو صدر پردیش کانگریس یا اے آئی سی سی کو مکتوب کے ذریعہ اپنی رائے کا اظہار کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی کی گرفتاری کے بعد سے پارٹی کے دو گروہ ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی پر اتر آئے ہیں۔ ریونت ریڈی کی مخالفت میں بعض سینئر قائدین بشمول رکن اسمبلی جگاریڈی نے بیان دیا جس کے جواب میں ریونت ریڈی کے حامیوں نے سوشل میڈیا کے ذریعہ قائدین کو نشانہ بنایا۔ جی او 111 کی خلاف ورزی کے سلسلہ میں ریونت ریڈی نے ریاستی وزیر کے ٹی راما رائو کے فارم ہائوز کو غیر قانونی قرار دیا۔ انہوں نے فارم ہائوز کا دورہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ ڈرون کیمرے کے ذریعہ فارم ہائوز کی فلم بندی پر پولیس نے مقدمہ درج کیا اور ریونت ریڈی ان دنوں جیل میں ہیں۔ اس مسئلہ پر پارٹی قائدین دو گروپ میں تقسیم ہوچکے ہیں۔