کانگریس قائدین کی مقتول ایڈوکیٹ جوڑے کے پسماندگان سے ملاقات

   


قتل کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ، جائے واردات کا معائنہ
حیدرآباد: سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ اور رکن اسمبلی ڈی سریدھر بابو نے منتھنی میں پیش آئے ایڈوکیٹ جوڑے کے بہیمانہ قتل کی مذمت کی اور سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ کانگریس قائدین نے مہلوک جوڑے کے والدین اور دیگر پسماندگان سے ان کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ مہلوک ایڈوکیٹ جوڑے کے والدین نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ عوامی مسائل پر جدوجہد پر انتقامی کارروائی کی گئی ۔ کانگریس قائدین نے حملہ کے مقام کا بھی دورہ کیا اور مقامی افراد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ اور سریدھر بابو نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت غیر سماجی عناصر اور غنڈوں کی سرپرستی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قتل کے واقعہ میں ٹی آر ایس قائد کا ملوث ہونا ثابت ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود پولیس نے ایڈوکیٹ جوڑے کو تحفظ فراہم نہیں کیا جبکہ چیف جسٹس کو مکتوب رانہ کرتے ہوئے مہلوک جوڑے نے دھمکیوں کی شکایت کی تھی ۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ قتل کے پس پردہ افراد اورمحرکات کا پتہ چلانے کے لئے سی بی آئی تحقیقات کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی اس سلسلہ میں چیف جسٹس سپریم کورٹ اور چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ کو مکتوب روانہ کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں امن و ضبط کی صورتحال ابتر ہوچکی ہے ، لہذا گورنر سوندرا راجن کو مداخلت کرتے ہوئے اپنے اختیارات کا استعمال کرنا چاہئے ۔