فرضی رائے دہندوں کی شمولیت روکنے کی اپیل
حیدرآباد۔/6 ستمبر، ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے وفد نے آج چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج سے ملاقات کی اور نظام آباد ( اربن ) اسمبلی حلقہ میں فرضی رائے دہندوں کی شمولیت کے ریاکٹ کی جامع تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ نائب صدر پردیش کانگریس جی نرنجن، نائب صدر طاہر بن حمدان، صدر ضلع کانگریس نظام آباد موہن ریڈی، صدر نظام آباد سٹی کانگریس کیشو وینو، کنوینر الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی راجیش کمار نے وکاس راج کو یادداشت حوالے کی جس میں بتایا گیا ہے کہ 3 ستمبر کو کانگریس کی جانب سے تحصیلدار نظام آباد سے نمائندگی کرتے ہوئے فرضی رائے دہندوں کے اسکام کی اطلاع دی گئی۔ وکاس راج کو بتایا گیا کہ خواتین اور مَردوں کے گروپس نظام آباد ( اربن ) اسمبلی حلقہ کے مالا پلی پولنگ اسٹیشن پر جمع ہوئے اور اس حلقہ میں بوگس ناموںکی شمولیت کی کوشش کی گئی۔ ان کے ساتھ فہرست رائے دہندگان بھی موجود تھی۔ طاہر بن حمدان نے اس معاملہ کی کمشنر نظام آباد کو اطلاع دی اور انہوں نے تحصیلدار نظام آباد کو معائنہ کیلئے روانہ کیا۔ تحصیلدار نے دورہ کے موقع پر مشتبہ افراد کو دیکھنے کے بعد پولیس کو اطلاع دی۔ کانگریس قائدین نے شکایت کی کہ آرمور اور بودھن اسمبلی حلقوں میں بھی اس طرح کی سرگرمیاں جاری ہیں۔