کانگریس قائدین کی گرفتاریاں ریاست کا سیاہ دن: محمد علی شبیر

   

حیدرآباد ۔2۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل کے سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے کانگریس قائدین کی گرفتاریوں اور مکانات پر محروس رکھنے کو غیر جمہوری قرار دیا اور کہا کہ یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر آج حکومت کا یہ اقدام یوم سیاہ کے مترادف ہے۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے کانگریس قائدین کو گرفتار کر رہی ہے ۔ کانگریس نے تلنگانہ کے مفادات کے تحفظ کے لئے جدوجہد کا آغاز کیا ہے اور یہ جدوجہد گرفتاریوں سے رکنے والی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے جن پراجکٹس کا آغاز کیا تھا ، ان کو زیر التواء رکھتے ہوئے کے سی آر نئے پراجکٹس شروع کر رہے ہیں ۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ کانگریس نے تلنگانہ ریاست تشکیل دی اور آج کانگریس قائدین کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے اور جھوٹے مقدمات کے ذریعہ ہراساں کیا جارہا ہے۔ تلنگانہ میں آج کا دن یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا ۔ ریاست کی اہم اپوزیشن کے ساتھ پولیس کا رویہ افسوسناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سماج کے کسی بھی طبقہ کو تلنگانہ کی تشکیل سے کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ صرف کے سی آر خاندان علحدہ ریاست میں فائدہ اٹھا رہا ہے ۔ وہ دن دور نہیں جب تلنگانہ عوام حکومت کے خلاف بغاوت کردیں گے۔