کانگریس قائدین کی گرفتاریوں کے خلاف احتجاج کی دھمکی

   

عوامی ناراضگی سے حکومت خوفزدہ، صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔/14 ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی موجودگی میں بی جے پی کے سینئر لیڈر کے ہنمنت ریڈی نے اپنے حامیوں کے ساتھ کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس سلسلہ میں جوبلی ہلز میں واقع ریونت ریڈی کے پارلیمانی حلقہ کے دفتر میں تقریب منعقد ہوئی۔ ریونت ریڈی نے ہنمنت ریڈی اور ان کے حامیوں کا کانگریس میں استقبال کیا اور امید ظاہر کی کہ پارٹی کے استحکام کے علاوہ عوامی مسائل پر جدوجہد میں حصہ لیں گے۔ اس موقع پر پردیش کانگریس کے نائب صدر ڈاکٹر ملو روی، ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر این سریدھر، جنرل سکریٹری وینو گوپال اور دوسرے موجود تھے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے ریاستی وزراء کے دورہ عالمپور کے موقع پر اے آئی سی سی سکریٹری سمپت کمار کی گرفتاری پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دلت طبقہ سے تعلق رکھنے والے اے آئی سی سی سکریٹری کو عوامی مسائل پر کے ٹی آر سے نمائندگی کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر عوامی مسائل کا سامنا کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ عوام میں حکومت کے خلاف بڑھتی ناراضگی کے سبب کے سی آر اور کے ٹی آر خوفزدہ ہیں اور وہ جہاں بھی دورہ پر جارہے ہیں اپوزیشن کو گرفتار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرسلہ اور گجویل اسمبلی حلقوں میں کے ٹی آر اور دیگر وزراء کے خلاف عوامی مظاہرے کئے گئے۔ ریونت ریڈی نے انتباہ دیا کہ اگر کانگریس قائدین کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رہا تو کانگریس احتجاج منظم کرے گی۔R