کانگریس قائدین کے اتحاد کے ذریعہ تلنگانہ میں اقتدار ممکن

   

علحدہ تلنگانہ سے صرف کے سی آر خاندان کو فائدہ، انچارج جنرل سکریٹری ایم ٹیگور کی سابق ارکان مقننہ اور ضلع صدور سے مشاورت
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں کانگریس کے انچارج جنرل سکریٹری مانکیم ٹیگور رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ تلنگانہ میں آئندہ کانگریس کا اقتدار یقینی ہے لہذا کانگریس قائدین کو ہر سطح پر پارٹی کی کامیابی کیلئے جدوجہد کرنی چاہیئے۔ مانکیم ٹیگور نے پارٹی قائدین سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے آج سابق ارکان اسمبلی، ارکان کونسل اور ضلع کانگریس صدور کے ساتھ زوم ایپ پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے پارٹی قائدین کی تجاویز حاصل کرتے ہوئے تلنگانہ میں پارٹی کو برسراقتدار لانے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے عوام کی بھلائی کیلئے تلنگانہ ریاست تشکیل دی لیکن صرف کے چندر شیکھر راؤ کا خاندان فائدہ اٹھا رہا ہے۔ آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی یقینی ہوگی بشرطیکہ قائدین ہر سطح پر اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابھی سے عوامی مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف ایجی ٹیشن کی ضرورت ہے۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے قائدین کا تعارف کرایا۔ اس موقع پر کئی قائدین نے استحکام اور ڈسپلن کی بحالی کیلئے تجاویز پیش کیں۔ مانکیم ٹیگور نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ابھی سے اسمبلی امیدواروں کی نشاندہی کی جانی چاہیئے۔ ایسے قائدین جو نہ صرف عوام میں مقبول ہیں بلکہ کامیابی کی صلاحیت رکھتے ہیں ان کا انتخاب کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسپلن پر خصوصی توجہ دی جائے اور قائدین اپنی شخصی تشہیر کے سلسلہ میں محتاط رہیں۔ ٹی آر ایس کے چھ سالہ دور میں دو انتخابات ہوئے اور عوام سے کئی وعدے کئے گئے تھے لیکن ایک بھی وعدہ پورا نہیں ہوا۔ وعدوں کی عدم تکمیل کے سلسلہ میں کانگریس پارٹی کو عوام سے رجوع ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس قائدین اقتدار کا بیجا استعمال اور بھاری رقومات خرچ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے نالاں ہیں۔ بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس بھاری رقم خرچ کرلے لیکن کامیابی کانگریس کی ہوگی۔ انہوں نے بنیادی سطح سے پارٹی کے استحکام اور ڈسپلن کی برقراری پر زور دیا۔ سونیا گاندھی نے عوام کی بھلائی کو پیش نظر رکھتے ہوئے تلنگانہ ریاست تشکیل دی اور ہماری ذمہ داری ہے کہ تلنگانہ میں اقتدار کا تحفہ پیش کریں۔ مانکم ٹیگور آئندہ تین دن پارٹی کی محاذی تنظیموں اور مختلف سیلس قائدین سے علحدہ زوم اجلاس منعقد کرینگے اور اکٹوبر میں وہ حیدرآباد کا دورہ کرسکتے ہیں۔