پردیش کانگریس کے صدر کا اعلان موخر، جاناریڈی کی مداخلت پر ہائی کمان کا فیصلہ
حیدرآباد: تلنگانہ پردیش کانگریس صدر کے عہدہ پر تقرر کا معاملہ کانگریس قائدین کے اختلافات کے سبب ہائی کمان کیلئے درد سر بن چکا ہے ۔ ایسے وقت جبکہ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے ناراض قائدین کو خاموش کرنے کیلئے مفاہمتی فارمولا تیار کیا تھا لیکن اس فارمولا کو قبول کرنے میں بیشتر قائدین کو اعتراض ہے۔ کانگریس میں گروہ بندیاں کوئی نئی بات نہیں اور ذات پات کی بنیاد پر ایک دوسرے سے اختلافات نے دوبارہ شدت اختیار کرلی ۔ ہائی کمان نئے صدر کے طور پر جیون ریڈی کے نام کا اعلان کرنے والا تھا لیکن سینئر قائدین کے ایک گروپ نے ہائی کمان سے نمائندگی کرتے ہوئے اعلان کو روک دیا۔ سینئر لیڈر کے جانا ریڈی نے ہائی کمان کو مکتوب روانہ کیا جس میں ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ تک نئے صدر کے انتخاب کو موخر کرنے کی درخواست کی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ انچارج جنرل سکریٹری مانکیم ٹیگور نے یہ مکتوب سونیا گاندھی کے حوالے کیا جس کے بعد نئے صدر کے اعلان کو روک دیا گیا۔ جانا ریڈی نے ضمنی چناؤ کے پیش نظر نئے صدر کے اعلان کو موخر کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ قائدین میں اعلان سے مزید اختلافات بڑھ سکتے ہیں ، لہذا متحدہ مساعی سے ضمنی چناؤ میں کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے نئے صدر کا اعلان روک دیا جائے۔