کانگریس قائدین کے وفد کی گورنر ڈاکٹر سوندرا راجن سے ملاقات

   

دھان کی خریدی میں مداخلت کی اپیل، حضورآباد کی شکست کا کسانوں سے بدلہ
حیدرآباد۔یکم ڈسمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کے ایک وفد نے گورنر ڈاکٹر سوندرا راجن سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست میں دھان کی خریدی کے مسئلہ پر مداخلت کرنے اور حکومت کو ہدایت جاری کرنے کی درخواست کی۔ ارکان اسمبلی ڈی سریدھر بابو، کے راجگوپال ریڈی، سابق ارکان اسمبلی ایم کودنڈا ریڈی، وی نارائن ریڈی، سی لکشما ریڈی، سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ اور دیگر قائدین نے گورنر کو یادداشت پیش کی جس میں تلنگانہ کے کسانوں کے مسائل سے آگاہ کیا گیا۔ قائدین نے کہا کہ مرکزی و ریاستی حکومتیں کسانوں کے مسائل پر غیر سنجیدہ ہیں۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ کسانوں کی پیداوار کو خریدے لیکن کے سی آر حکومت نے غیر واضح موقف اختیار کیا ہے۔ حضورآباد میں شکست کے بعد سے حکومت کا رویہ کسانوں کے خلاف ہے۔ قائدین نے بتایا کہ دھان کی ربیع سیزن میں عدم خرید کا فیصلہ کیاگیا جس کے نتیجہ میں کسانوں کی خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ گورنر سے درخواست کی گئی کہ وہ اس معاملہ میں مداخلت کرتے ہوئے حکومت کو دھان کی خریدی کا پابند بنائیں۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ حکومت دھان کی خریدی کیلئے اضافی مراکز قائم کرے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے پیش نظر کسان پہلے ہی بھاری نقصانات کا سامنا کرچکے ہیں۔ گورنر نے کانگریس قائدین کو اس معاملہ میں ضروری کارروائی کا تیقن دیا۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ارکان اسمبلی راجگوپال ریڈی اور سریدھر بابو نے کہاکہ حضورآباد کی شکست کا کسانوں سے بدلہ لیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس کو مناسب سبق سکھائیں گے۔ راجگوپال ریڈی نے کہا کہ کے سی آر کو صرف ضمنی انتخابات میں عوام کی بھلائی کی فکر لاحق ہوتی ہے۔ حضورآباد میں کامیابی کیلئے کئی اسکیمات شروع کی گئیں لیکن شکست کے بعد اسکیمات پر عمل آوری روک دی گئی۔ر