کانگریس قائد جیون ریڈی کو منانے سینئر قائدین سرگرم

   

جگتیال کے رکن اسمبلی کی شمولیت پر ناراض، عملی سیاست سے سبکدوشی پر غور
حیدرآباد 24 جون (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کی شمولیت سے کانگریس قائدین میں ناراضگی دیکھی جارہی ہے۔ گزشتہ دنوں سابق اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی کی شمولیت کے موقع پر بانسواڑہ میں کانگریس قائدین اور کارکنوں نے احتجاج کیا تھا۔ تازہ ترین معاملہ جگتیال کے بی آر ایس رکن اسمبلی کا ہے۔ رکن اسمبلی ڈاکٹر سنجے کمار نے کل رات چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ وہ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے سینئر لیڈر ٹی جیون ریڈی کو شکست دے کر کامیاب ہوئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ سنجے کمار کی پارٹی میں شمولیت کے فیصلے پر جیون ریڈی ناراض ہیں اور اُنھوں نے اپنے حامیوں سے مشاورت کرتے ہوئے قانون ساز کونسل کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کی تیاری کرلی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جیون ریڈی نے سنجے کمار کی پارٹی میں شمولیت کی مخالفت کی تھی لیکن اُن سے مشاورت کے بغیر ہی سنجے کمار کو شامل کرلیا گیا۔ اِس فیصلے سے جیون ریڈی کافی دُکھی ہیں اور اُنھوں نے اپنے حامیوں سے کہاکہ وہ عملی سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے کھیتی باڑی میں مصروف ہوجائیں گے۔ اُن کا کہنا ہے کہ شمولیت کے بارے میں اُنھیں اطلاع تک نہیں دی گئی اور میڈیا کے ذریعہ اِس کا علم ہوا۔ 2014 ء سے سنجے کمار مسلسل تین مرتبہ جگتیال اسمبلی حلقہ سے منتخب ہوئے۔ جیون ریڈی کی ناراضگی کے بارے میں اطلاع ملتے ہی گورنمنٹ وہپ اے سرینواس اور کانگریس کے دیگر قائدین جیون ریڈی کی قیامگاہ پہونچے اور اُنھیں کسی بھی انتہائی اقدام سے رُکنے کی صلاح دی۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بھی ٹیلیفون پر جیون ریڈی سے ربط قائم کیا لیکن بات چیت نہ ہوسکی۔ پارٹی کے سینئر لیڈر جانا ریڈی نے جیون ریڈی کو مشورہ دیا کہ وہ کچھ دن تک خاموش رہیں۔ اِس تنازعہ کا حل تلاش کیا جائے گا۔ جیون ریڈی کو کونسل کی رکنیت سے استعفے سے روکنے کی مساعی جاری ہے۔ جیون ریڈی نے کہاکہ وہ گزشتہ 40 برسوں سے عملی سیاست میں ہیں اور پارٹی کی موجودہ صورتحال سے اُنھیں دُکھ پہونچا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ نئی دہلی سے واپسی کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی ناراض لیڈر جیون ریڈی سے ملاقات کریں گے۔ 1