محبوب نگر۔/23 ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سید تقی الدین کانگریس قائد کو ایم ایل سی کے عہدہ کیلئے منتخب کیا جائے۔ محبوب نگر کی کانگریس ورکرس اور کئی ایک تنظیموں کے نمائندوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ہائی کمان سے مطالبہ کیا۔ سید تقی الدین جو ماضی میں کانگریس کے نوجوان حرکیاتی قائد رہے ہیں گذشتہ اسمبلی انتخابات میں انتخابات سے قبل بی آر ایس سے مستعفی ہوکر کانگریس میں شامل ہوئے اور بحیثیت اقلیتی قائد انہوں نے کانگریس کی شاندار کامیابی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ انتخابات سے عین قبل انہوں نے سوشیل میڈیا کے ذریعہ کئی ایک ویڈیوز کے ذریعہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں میں شعور بیدار کیا اور کہا کہ وہ کسی عہدہ کے لالچ میں نہیں بلکہ ملت کے مفاد میں کانگریس میں شامل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کئی ایک معیادیں بحیثیت جہانگیر پیراں ؒ آئی ٹی آئی سکریٹری مکمل کیں اس دوران انہوں نے 40 برس سے چل رہے آئی ٹی آئی کا نقشہ بدل دیا۔ اسٹاف اور طلباء کیلئے کئی ایک سہولتوں کو نمائندگی کے ذریعہ فراہم کیا۔ کارکنوں کا کہنا ہے کہ نمائندگی کا تجربہ رکھنے والے سید تقی الدین کو ایم ایل سی بناتے ہوئے کانگریس زیر التواء مسائل کے حل کی ذمہ داری انہیں دے سکتی ہے۔