حیدرآباد ۔ 19 ۔ مئی : ( راست ) : حلقہ اسمبلی نامپلی میں کانگریس کے قائد فیروز خاں کی جانب سے غریب عوام میں راشن کٹس کی تقسیم عمل میں آئی ۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے لاک ڈاؤن کے آغاز سے اب تک 54 دن غریب عوام میں بلا مذہب و ملت راشن کٹس ، اشیاء ضروریہ اور ترکاری وغیرہ تقسیم کرنے پر فیروز خاں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ مصیبت کے موقع پر عوام کے دکھ درد میں شریک ہونے والے ہی حقیقی قائد ہوتے ہیں اور عوام کا انہیں ساتھ ملتا ہے ۔ فیروز خاں نے کہا کہ ابھی تک 10 ہزار لوگوں میں راشن کٹس تقسیم کئے گئے ہیں ۔ مائیگرنٹ ورکرس کو بھی کھانا کھلایا جارہا ہے ۔ 50 سے زائد مائیگرنٹ ورکرس جھارکھنڈ روانہ کرنے کا انتظام کیا گیا ۔ سارے اسمبلی حلقہ کو سینٹائز کرنے کا انتظام کیا جارہا ہے اس موقع پر عائشہ فرحین ، عثمان محمد خاں ، مسعود احمد کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔۔