کانگریس قبائلیوں کے ساتھ:کمل ناتھ

   

بھوپال: مدھیہ پردیش کے سیدھی ضلع میں ایک قبائلی نوجوان کے ساتھ غیر انسانی سلوک کا ویڈیو سامنے آنے کے بعد سابق وزیر اعلی کمل ناتھ نے آج کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر اقتدار کے نشے میں ہیں اور کانگریس پارٹی ہمیشہ قبائلیوں کے ساتھ ہے ۔ کمل ناتھ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ ریاست کے قبائلی بھائیوں اور بہنوں کی توہین کے واقعات سے بہت دکھی ہیں۔ کیا اقتدار کا نشہ اس قدر بی جے پی لیڈروں کے سر چڑھ گیا ہے کہ وہ انسان کو انسان نہیں سمجھ رہے ہیں۔ یہ واقعہ ٹنٹیا ماما اور برسا منڈا جیسے عظیم شخصیات کی توہین ہے ۔ ریاست کے کروڑوں قبائلی بھائیوں اور بہنوں کی توہین ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت قبائلی سماج پر ہونے والے مظالم کو سرکاری تحفظ دینا بند کرے ۔ کانگریس پارٹی مکمل طور پر قبائلی سماج کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں انصاف فراہم کرتی رہے گی۔